منشا بم کو سپریم کورٹ سے گرفتار کرلیا گیا

October 15, 2018

لاہور کا منشا بم سپریم کورٹ سے گرفتار کرلیا گیا ،ملزم کے خلاف لاہور کے جوہر ٹائون کی زمینوں پر قبضے کے 70 سے زائد مقدمات ہیں ۔

منشا بم کئی دن سے روپوش رہنے کے بعد آج خود ہی سپریم کورٹ پہنچا تھا ،وہ 5 گھنٹے تک سپریم کورٹ میں موجود رہا ۔

ملزم کو اسلام آباد کے تھانہ سیکریٹریٹ کی پولیس نے گرفتار کیا ،جسے بعد ازاں لاہور پولیس کے حوالے کیا جائےگا۔

اس سے قبل منشا بم گرفتاری دینے کےلئے خود سپریم کورٹ پہنچے تھے ،ان کا کہناتھاکہ کسی کی زمینوں پر قبضہ نہیں کیا اور میں پولیس سے چھپ کے سپریم کورٹ آیا ہوں۔

عدالت میں مفرور ملزم منشا بم نے موقف اختیار کیا کہ میرے ساتھ زیادتی ہورہی ہے، مجھے انصاف دیا جائے، میں نے کسی کی زمینوں پر قبضہ نہیں کیا، اس کا کہنا تھا کہ میرے خلاف مقدمات سیاسی ہیں۔

منشا بم نے کہا کہ میں خود گرفتاری دینے عدالت میں پیش ہو رہا ہوں، اس نے بتایا کہ میرے بیٹے نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر چیئرمین کا الیکشن لڑا اور بیٹے کے الیکشن لڑنے کے بعد مجھ پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے۔

منشا بم نے بتایا کہ میرے پاس ساری زمین میرے والد کی ہے، کسی کی زمین پر قبضہ نہیں کیا، اس کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس سے ملاقات تک عدالت میں ہی ان کا انتظار کروں گا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے مفرور منشا بم کی گرفتاری کا حکم دیا ہوا تھا۔