بالوں کو صحت مند بنانے والے سپر فوڈز

October 20, 2018

آپ کے ساتھ ایسا کتنی بار ہوتا ہے کہ جب رات کی نیند لے کر اُٹھتے ہیںتو آپ کا تکیہ آپ کے ٹوٹے ہوئے بالوں کی گواہی دے رہا ہوتا ہے؟ اگر آپ کے بال تیزی سے اور بڑی تعداد میں گررہے ہیں تو یقیناً یہ ایک پریشانی والی بات ہے۔ خوش قسمتی سے، آپ اپنے لائف اسٹائل ، خصوصاً اپنی غذا میں تبدیلی لاکر ،اپنے بالوں کو نہ صرف گرنے سے محفوظ رکھ سکتے ہیں بلکہ آپ کے کمزور بال مضبوط بھی ہوجاتے ہیں۔ بالوں کو مزید گرنے سے روکنے، انھیں مضبوط اور خوبصورت بنانے کے لیے آپ کو اپنی غذا میں درج ذیل پانچ ’سپرفوڈز‘ شامل کرنے چاہئیں۔

گری دار میوہ (Nuts)

اخروٹ اور بادام غذائیت سے بھرپور ہیں، خصوصاً بائیوٹن، بی وٹامنز، اومیگا 3 اور 6فیٹی ایسڈز، پروٹین اور میگنیزیم کا خزانہ ہیں، جو بالوں اور سر کی جِلد کو مضبوط بناتے ہیں۔ گری دار میوے کو اپنی غذا میں شامل کرنے سے آپ کے کمز ور اور پتلے ہوتے بال مضبوط ہونگے اور ان میں خوبصورتی اور چمک پیدا ہوگی۔ماہرین کے مطابق، اس ضمن میں ان غذاؤں کا روزانہ استعمال کرنا ضروری ہے۔دن میں کم از کم 20 گرام خشک میوہ جات کھانے کی تجویز دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ، یہ میوہ جات امراض قلب میں 30فیصد، کینسر میں 15فیصد اور قبل از وقت موت کے خطرے میں 21فیصد کمی کرتے ہیں۔ ان میں سے کچھ ذیابطیس کے خلاف بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں اور اس کے خطرے میں 40فیصد کمی کرتے ہیں۔کچھ میوہ جات میں اینٹی آکسیڈنٹس بھی شامل ہوتے ہیں، جو ذہنی تناؤ اور کینسر سے حفاظت فراہم کرتے ہیں۔ایک تحقیق کے مطابق وہ افراد جوگری دار میوے کھاتے ہیں، ان کا وزن ان افراد سے کم ہوتا ہے ، جوگری دار میووں کو نظرانداز کرتے ہیں۔ میوے کھانے والوں کا پیٹ اور جسم میں چکنائی بھی کم ہوتی ہے ۔

قینوا(Quinoa)

قینوا ایک بوٹی کا نام ہے، جس کے بیج کھائے جاتے ہیں، اس کیلئے اردو زبان میں خاص لفظ تو موجود نہیں، تاہم عمومی طور پر یہ باجرہ کہلاتا ہے، جوکہ ایک بیج ہے۔ اگر آپ سے پوچھا جائے کہ کیا کسی ایک چیز میں مکمل پروٹین مل سکتا ہے؟ تو آپ بلا جھجک قینوا کا نام لے سکتے ہیں۔ یہ بات آپ کو ناقابل یقین محسوس ہوسکتی ہے کہ قینوا میںتمام کے تمام نو ضروری امینو ایسڈز موجود ہوتے ہیں، جو مضبوط اور دلکش بالوں کی نشوونما کرتے ہیں۔ اس بیج کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ بالوں اور سر کی جِلد، دونوں کو اندر سے بحال اور مضبوط بناتا ہے۔ صرف یہی نہیں، یہ بالوں کے ٹوٹے ہوئے سروں کو بحال کرکے ان کے دو منہ کو ختم کرتا ہے۔ مزید برآں، قینوا میں وٹامن ای بھی موجود ہوتا ہے، جس سے بالوں کا گرنا کم ہوجاتا ہے۔

انڈہ اور ڈیری مصنوعات

انڈہ اور ڈیری مصنوعات، سب کی سب، پروٹین سے بھرپور غذائیں ہیں، جو بالوں کی نشوونما اور بالوںکو مضبوط اور موٹا بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔دہی، دودھ، انڈے، دیگر غذائی خصوصیات جیسے وٹامن بی 12، اومیگا 6 فیٹ ایسڈز، آئرن اور زِنک سے بھی بھرپور ہوتے ہیں۔ اگر آپ یہاں تک بھی مطمئن نہیں تو آپ کو بتاتے چلیںکہ یہ چیزیں بائیوٹن سے بھی بھرپور ہوتی ہیں۔ بائیوٹن ایک ایسی غذا ہے، جو بالوں کو گِرنے سے روکتی ہے، اس لیے انڈے اور ڈیری مصنوعات کو اپنی روزانہ کی غذا میں ضرور شامل رکھیں۔

پالک

آپ پالک کا مقابلہ دنیا کے کسی بھی ’سپرفوڈُ سے کرسکتے ہیں۔ سبز پتوں والی اس ایک سبزی میں غذائیت کی ایک دنیا سمائی ہوئی ہے۔ اس میں وٹامن K، وٹامن A، وٹامن C، وٹامن B2، وٹامن B6، وٹامن B1، وٹامن E، میگنیز، زِنک، آئرن اور اومیگا 3فیٹی ایسڈز موجود ہوتے ہیں۔پالک میں موجود غذائیت آپ کے بالوں اور سر کی جِلد کی مضبوطی کو یقینی بناتی ہے۔ پالک میں اینٹی آکسیڈنٹس بھی بڑی مقدار میں پائے جاتے ہیں، جو بالوںاور سر کی جِلد کو نقصان پہنچانے سے محفوظ رکھتے ہیں، جبکہ وٹامن B اور وٹامن C بالوں کی نشوونما کرتے ہیں۔

اسٹرابیری

اسٹرابیری کو اپنی روزانہ کی غذا میں شامل کرنے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ پھل بالوں کو پتلا اور کمزور ہونے سے روکنے اور بالچر (جسے بال خورہ بھی کہا جاتا ہے) سے روکتا ہے۔ اسٹرابیری میںEllagic ایسڈ پایا جاتا ہے، جو بالوں کی جڑوں کو مضبوط کرتا ہے، جس سے بال گرنا بند ہوجاتے ہیں۔ اسٹرابیری میں فولک ایسڈ، وٹامن B6اور وٹامن B5بھی پایا جاتا ہے، جو بالوں کے لیے زبردست وٹامنز ہیں۔

اگرچہ بالوں کا گرنا اور کمزور پڑنا، ایک پریشان کن مسئلہ ہے، تاہم کوئی وجہ نہیں کہ آپ اپنی غذائیت کو بہتر بناکر اور ان سپر فوڈز کو اپنی روز مرہ کی غذامیں شامل کرکے صحت مند بال حاصل نہ کرپائیں۔ خوش قسمتی سے یہ غذائیں نہ صرف ذائقے میں لاجواب ہیں بلکہ یہ آپ کا صحت مند وزن بھی برقرار رکھتی ہیں۔