’نانو اگین‘، جگہ جگہ مریم نواز کے پوسٹر دیکھ کر نواسے نواسیاں پُرجوش

May 02, 2024

گزشتہ روز لاہور میں 32 فیلڈ اسپتالوں کے افتتاح کو دیکھ کر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے نواسے نواسیاں بھی پُرجوش ہوگئے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر مریم نواز نے اپنے ننھے نواسے نواسیوں کی ایک خوبصورت ویڈیو شیئر کی ہے۔

مذکورہ ویڈیو میں ان کے نواسے نواسیوں کو ’نانو اگین (ایک بار پھر نانو)‘ کے نعرے بلند کرتے ہوئے دیکھا سنا جاسکتا ہے۔

ویڈیو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ لاہور کے عوام کی طرح وزیراعلیٰ پنجاب کے اہل خانہ بھی عوام کے لیے ان کی خدمات سے خوش ہیں۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مریم نواز نے کیپشن میں لکھا کہ ’میرے نواسے نواسیاں، لاہور کی سڑکوں پر ڈرائیونگ کے دوران فیلڈ اسپتال دیکھ کر پُر جوش ہوگئے اور مسلسل ’نانو اگین‘ کے نعرے لگانے لگے‘۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ہنسنے والے ایموجی کا بھی اضافہ کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فیلڈ اسپتال پراجیکٹ کا افتتاح کیا، جس کے پہلے مرحلے میں 32 سے زائد چھوٹے بڑے فیلڈ اسپتال فنکشنل کیے گئے جبکہ 21 لارج فیلڈ اسپتال صوبے کے مختلف اضلاع میں علاج معالجے کی معیاری سہولیات فراہم کریں گے۔