’’حکمران غریبوں سے زندہ رہنے کا حق چھیننے کے درپے ہیں‘‘

October 20, 2018

سیکرٹری جنرل پی پی پی نیر بخاری کا گیس قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران نادار اور غریب مریضوں سے زندہ رہنے کا حق چھیننے کے درپے ہیں۔

اپنے بیان میں نئیر بخاری نے کہا کہ اسپتالوں اور فلاحی اداروں کے گیس بل میں 462 فیصد اضافہ صحت دشمنی ہے، سرمایہ دارانہ حکومت کا ہر دن غریبوں پر سونامی سے بدتر ثابت ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی شراکت دار سرمایہ داروں کو منافع بخش منصوبے دیئے جا رہے ہیں ، کمائی کا ہر شعبہ ذاتی معاون خصوصی کے حوالے کر دیا گیا ہے اور حکمرانوں کا ہر دن غریبوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا رہا ہے۔

نیر بخاری کا کہنا تھا کہ امیروں کی حکومت غریبوں سے دوری کا فرق تیزی سے بڑھا رہی ہے، بنیادی ضروریات کی قیمتیں پہلے ہی عوام الناس کی پہنچ سے دور کر دی گئی ہیں۔

متکبر حکمران عوام الناس کے غیض و غضب کو دعوت دے رہے ہیں ، حکومتی اخراجات کا بوجھ شہریوں پر ڈالا جا رہا ہے۔