روس، افغانستان پر بین الاقوامی مذاکرات کی میزبانی کرے گا

November 04, 2018

روس 9 نومبر کو افغانستان پر بین الاقوامی مذاکرات کی میزبانی کرے گا ۔روسی وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق ان مذاکرات میں افغان صدر اشرف غنی کی حکومت اور طالبان نے اپنے اپنے وفود بھیجنے پر اتفاق کیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ’’یہ پہلا موقع ہوگا کہ دوحہ میں طالبان تحریک کا سیاسی دفتر اپنے وفد کو بین الاقوامی سطح پر مذاکرات میں شرکت کے لیے بھیجے گا۔

تاہم افغان حکومت نے ابھی تک اس امر کی تصدیق نہیں کی ہے کہ کابل حکومت ان مذاکرات میں شرکت کرے گی۔

افغان وزارت ِخارجہ کے ترجمان صبغت اللہ احمدی نے کہا ہے کہ ہم ابھی تک روسی حکام کے ساتھ اس کانفرنس کے بارے میں بات چیت کررہے ہیں اور ابھی کوئی سمجھوتا طے نہیں پایا ہے۔

روس کا کہنا ہے کہ اس نے کانفرنس میں شرکت کے لیے امریکا ، بھارت، ایران، پاکستان، چین اور وسط ایشیا کی 5 سابق سوویت ریاستوں کو بھی اپنے نمائندے بھیجنے کی دعوت دی ہے۔

روس نے اپنے اس موقف کا اعادہ کیا ہے کہ افغانستان میں جاری بحران کا سیاسی حل کے سوا کوئی متبادل نہیں ہے۔