رائے ونڈ تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر

November 04, 2018

لاہور کے نواحی قصبے رائے ونڈ میں عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہوگیا، پاکستان کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

رائے ونڈ میں عالمی تبلیغی اجتماع کی رونقیں تین دن تک اپنے عروج پر تھیں اور ملک کے مختلف شہروں سے لاکھوں شرکاء پہلے مرحلے کے اجتماع میں شریک ہوئے۔

پہلے مرحلے میں پشاور، کوئٹہ، ملتان سمیت دیگر شہروں کے افراد کی شرکت، تبلیغی اجتماع میں ملک کی ترقی اور سلامتی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

اختتامی دعا کے بعد رائیونڈ کی رابطہ سڑکیں عام ٹریفک کے لیے بند کر دی گئیں، کوٹ رادھا کشن اور سندر روڈ پر یکطرفہ ٹریفک چلائی جا رہی ہے، جبکہ رائیونڈ کے بیرونی راستوں پرپولیس اور ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات ہے۔

دوران اجتماع پولیس کی بھاری نفری کے علاوہ تبلیغی جماعت کی ڈنڈا بردارفورس بھی سیکیورٹی پر مامور تھی، شرکاء کی چیکنگ کے لیے واک تھروگیٹس اورکلوز سرکٹ کیمرے نصب کیے گئے۔

اجتماع میں ٹریفک کی روانی، پارکنگ اور صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات تھے ۔

ڈی سی لاہور صالحہ سعید نے بتایا کہ اجتماع گاہ میں 6 ڈسپنسریاں فعال تھیں، اس کے علاوہ 10 بیڈز پر مشتمل عارضی اسپتال بھی بنایا گیا تھا۔