چین سمیت 8 ملکوں کو ایرانی تیل خریدنے کی عارضی اجازت

November 06, 2018

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ چین، جاپان اور بھارت سمیت 8 ملکوں کو ایران سے تیل خریدنے کی عارضی اجازت دی ہے، پابندیوں کے باوجود ایران سے اشتراک کرنے والے دیگر لوگوں کو سزا دی جائے گی۔

پریس بریفنگ میں مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ایران جوہری معاہدہ ختم ہونے کے بعد پیر سے ایران پر معاہدے میں ختم کی جانے والی تمام پابندیوں کا دوبارہ نفاذ کردیا گیا ہے، ایران کے توانائی، بینکنگ، شپنگ اور شپ بلڈنگ سیکٹر پر پابندیاں عائد ہوں گی، امید ہے ایران سے نیا جوہری معاہدہ ہو سکے گا۔

مائیک پومپیونے مزید کہا کہ ایران پر پابندیوں کا مقصد ایران کو حزب اللہ اور حوثی باغیوں کی فنڈنگ سے روکنا ہے،جبکہ امریکی وزیر خزانہ اسٹیو منچن کا کہنا ہے کہ ایران پر پابندیاں دہشت گردی کو سپورٹ کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی ریاست کے خلاف مہم کا حصہ ہیں۔

دوسری جانب ایرانی سفیر نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ سے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ ایران کے تیل اور شپنگ پر پابندی سلامتی کونسل کی قرارداد کی خلاف ورزی ہے، امریکا سے جواب طلب کیا جائے۔