ٹیلر 86 رنز ناٹ آئوٹ، پاکستان کو 210 رنز کا ہدف

November 09, 2018

نیوزی لینڈ نے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو جیت کے لئے 210 رنز کا ہدف دے دیا، مہمان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز 9 وکٹ پر 209 رنزبنائے۔

تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ ابوظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے، نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

گزشتہ میچ کی طرح آج کے مقابلے میں نیوزی لینڈ کے روس ٹیلر چھائے رہے، انہوں نے 86 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، گرین شرٹس کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے 4 وکٹیں لے کر نمایاں کارکردگی دکھائی۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے کولن منرو اور جارج ورکر نے اننگز کا آغاز کیا، پاکستان کو پہلی کامیابی دوسرے ہی اوور میں مل گئی، شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کولن منرو 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کا مشکل کیچ محمد حفیظ نے لیا۔

25 کے اسکور پر کین ولیم سن صرف 1 رن بناکر رن آؤٹ ہوگئے، وہ اس وقت بدقسمت ثابت ہوئے جب جارج ورکر کی سیدھی شارٹ پر گیند شاہین آفریدی کی انگلیوں سے چھو کر وکٹ سے ٹکراگئی۔

تیسری وکٹ پر جارج ورکر نے روس ٹیلر کے ساتھ مل کر 46 رنز کی شراکت قائم کی، اوپنر جارج ورکر 28 رنز بناکر محمد حفیظ کی گیند بولڈ ہوگئے۔

گزشتہ میچ کے نصف سنچری میکر ٹام لیتھم کو اس بار صرف 1 کے اسکور پر شاہین شاہ آفریدی نے یارکر مار کر بولڈ کیا اور ٹیم کو چوتھی اور اہم ترین کامیابی دلائی۔

اس کے بعد روس ٹیلر نے ہنری نکولس کے ساتھ مل کر مجموعے میں 75 رنز کا اضافہ کیا، 1 چوکے کی مدد سے 33 رنز بنانے والے نکولسن کو حسن علی نے بولڈ کیا، یوں نیوزی لینڈ کی پانچویں وکٹ 148 کے اسکور پر گری۔

نیوزی لینڈ کی چھٹی وکٹ 157 کے اسکور پر گری، گرینڈ ہوم نے 3 کے انفرادی اسکور پر شاداب خان کی گیند پر حسن علی کو کیچ تھمادیا۔

مہمان ٹیم کی ساتویں وکٹ177 کے مجموعے پر گری، ٹم ساودی کو شاہین شاہ آفریدی نے اپنا تیسرا شکار بنایا، کیوی بیٹسمین 1 چوکے کی مدد سے 13 رنز بناسکے۔

پاکستان کو آٹھویں وکٹ 198 کے اسکور پر ملی، ایش سودھی 13 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے، یوں شاہین شاہ آفریدی نے سیریز میں دوسری بار 4 وکٹ اپنے نام کرلیں۔

نیوزی لینڈ کی نویں وکٹ صرف 1 رنز کے اضافے یعنی 199 پر گری، حسن علی نے بولٹ کو صرف 1 کے اسکور پر بولڈ کردیا۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے چوتھے نمبر پر کھیلنے کےلئے آنے والے روس ٹیلر نے انتہائی ذمہ دارنہ بیٹنگ کی اور 86 رنز بنائے، انہوں نے 120 گیندوں کا سامنا کیا اور 1 چھکا اور 3 چوکے لگائے۔

گرین شرٹس کے شاہین شاہ آفریدی نے 4 وکٹ اپنے نام کیں جبکہ حسن علی نے 2، شاداب خان اور محمد حفیظ نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

گزشتہ میچ میں نیوزی لینڈ نے بولٹ کی ہیٹ ٹرک اور روس ٹیلرز کے 80 رنز کی بدولت پاکستان کو 47 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی تھی۔

اس سے قبل ٹی 20 سیریز میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو کلین سوئپ شکست سے دوچار کیا تھا۔