نواز شریف، شاہد خاقان کیخلاف کیس کی سماعت ملتوی

November 12, 2018

لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف بغاوت کی کارروائی کے لیے درخواست پرسماعت 19 نومبر تک ملتوی کر دی، عدالت نےحکم دیا کہ آئندہ سماعت پر نواز شریف خود آئیں یا باقاعدہ درخواست دیں۔

لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں 3رکنی فل بنچ نےکیس پر سماعت کی۔

نواز شریف پر صحافی سرل المیڈا کو متنازع انٹرویو دینے اور شاہد خاقان عباسی پر قومی سلامتی کمیٹی کی کارروائی سابق وزیر اعظم کو بتا کر حلف کی پاسداری نہ کرنے جیسے الزامات ہیں۔

عدالت نے نواز شریف کے وکیل سےدریافت کیا کہ کیا نواز شریف کی حاضری معافی کی درخواست آئی ہے؟ آئندہ سماعت پر نواز شریف خود آئیں یا باقاعدہ درخواست دیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا شاہد خاقان عباسی اور سرل المیڈا آئے ہیں؟ اور کیا سرل المیڈا پاکستانی شہریت رکھتے ہیں؟ عدالت کو بتایا گیا کہ دونوں حاضر ہیں اور سرل المیڈا پاکستانی شہریت رکھتے ہیں۔