3 افراد نے خود کشی کرلی،ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 4 جاں بحق

November 13, 2018

کراچی(اسٹاف رپورٹر) مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثا ت میں خاتون اور کمسن بچے سمیت 4افراد جاںبحق جبکہ 2زخمی ہو گئے3 افراد نے خود کشی کرلی، تفصیلات کے مطابق مچھر کالونی بنگالی پاڑہ کے قریب گاڑی کی ٹکر سے 40سالہ فریداللہ ولد عبدالرحمٰن جاںبحق ہو گیا ، اورنگی ساڑھے گیارہ ضیاہ موڑ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 38سالہ عنایت زخمی ہو گیا ،جسےعباسی اسپتال منتقل کیا گیا ،جہاں وہ دوران علاج جاںبحق ہو گیا ، مچھر کالونی کے قریب تیز رفتار رکشہ الٹنے سے 55سالہ مریم جاںبحق شوہر اور بیٹا زخمی ہو گئے ، جن میں 65سالہ اسماعیل اور سلیم سامل ہیں ، کیماڑی کے پی ٹی اسکول ٹاپو کے قریب گاڑی کی ٹکر سے 5 سالہ عالم زیب شدید زخمی ہوگیا ،جسے سول اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑگیا، دریں اثنا ناظم آباد نمبر 1 سے 33سالہ اکرم ولد افضل کی پھندا لگی لاش ملنے کی اطلاع پر پولیس نے موقع پرپہنچ کرعباسی اسپتال منتقل کیا ،پولیس کے مطابق متوفی نے نامعلوم وجوہ پر گلے میں پھندالگا کر خودکشی کی ہے ،اختر کالونی گلی نمبر1مکان نمبر 39سے32سالہ محمد فرازولد محمد صدیق کی لاش ملی، پولیس کے مطابق واقعہ خودکشی کاہے،صدر ایمپریس مارکیٹ کے قریب واقع بلند عمارت کی آٹھویں منزل سے کود کر 30سالہ شخص شون فرنانڈس ہلاک ہو گیا ۔