ٹی 20 :بابر بدستور ٹاپ بیٹسمین،حفیظ اورفہیم اشرف کی ترقی

November 13, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز میں شاندار کارکردگی کے باعث عالمی نمبر ایک بیٹسمین بابر اعظم نے اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرلی ہے جبکہ محمد حفیظ کی بھی عالمی درجہ بندی میں ترقی ہوئی ہے۔ بابر اعظم عالمی نمبر ایک بیٹسمین کی پوزیشن پر برقرار رہیں۔ آل راؤنڈر محمد حفیظ 16 درجے ترقی پا کر نیوزی لینڈ کے خلاف عمدہ پرفارمنس کے بعد رینکنگ میں 53ویں نمبر پر آگئے جب کہ فخر زمان پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ بولنگ کی ٹاپ ٹین رینکنگ میں تین پاکستانی بولرز شامل ہیں جن میں شاداب خان دوسرے، فہیم اشرف ساتویں اور عماد وسیم آٹھویں نمبر پر ہیں، بہترین بولرز کی فہرست میں افغانستان کے راشد خان نمبر ون بولر ہیں۔ ٹیم رینکنگ میں پاکستان نے دو پوائنٹس کے ساتھ اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم کرلیا بھارت دوسرے اور آسٹریلیا تیسرے نمبر پر ہے۔ کولن منرو ایک درجہ ترقی پا کر تیسرے نمبر پر جبکہ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن تین درجے بہتری کے ساتھ 12 ویں نمبر پر پہنچنے میں کامیا ب ہو گئے اور پانچ درجے ترقی راس ٹیلر کو 59ویں نمبر پر لے آئی۔بھارت کے روہت شرما کو تین درجے کی ترقی ساتویں نمبر پر لے آئی جبکہ شیکھر دھاون چھ چھلانگیں لگاتے ہوئے 16ویں نمبر پر آ گئے۔