پیمراعوامی بہبود کے پیغامات کو عام کرے،صدر مملکت عارف علوی

November 13, 2018

اسلام آباد( طاہر خلیل) صد ر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عوامی بہبود کے پیغامات کوعام کرکے تعلیم، صحت ،ماحول جیسے شعبوں میں خرابیوں اور کمزوریوں کو دورکیا جاسکتا ہے۔صدر نے ان خیالات کا اظہار پیر کو ایوان صدر میں چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ سے ملاقات کے دوران کیا۔ سیکرٹری اطلاعات و نشریات شفقت جلیل اور صدرمملکت کے پریس سیکرٹری طاہر خوشنود بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صدر نے چیئرمین پیمرا سے کہا کہ پبلک سروس پیغامات کو عام کیا جائےاور خاص طورپر سماجی مسائل پر پبلک سروس پیغامات الیکٹرانک میڈیا سے جاری کئے جائیں۔سینٹ کے قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے ایوان صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی۔انہوں نے صدر سے ماحولیاتی تبدیلیوں سے پیدا شدہ مسائل پر بات چیت کی، واٹر سکیورٹی آرٹس اورثقافتی امور بھی زیر غور آئے۔