پاکستان کا مفاد ہر شے پر مقدم رکھا جائے، کمیونٹی رہنما

November 14, 2018

مانچسٹر (علامہ عظیم جی) پاکستان کو حقیقی، فلاحی اور جمہوری ریاست بنانے کے لئے ہر پاکستانی قومی مفادات سب سے مقدم رکھے، علامہ اقبالؒ کے افکار اور خواب کی تعبیر کشمیر کی آزادی کے بغیر نامکمل رہے گی، دامن مصطفیٰ کریم صلی اللہ علیہ وسلم تھام کر ہی امت مسلمہ دنیا میں عزت حاصل کرکے سرخرو ہوسکتی ہے، ان خیالات کا اظہار ’’یوم اقبال‘‘ کی مناسبت سے مختلف پاکستانی کشمیری رہنمائوں نے کیا۔ گریٹر مانچسٹر کے معروف بزنس مین کمیونٹی رہنما یوکے آئی ایم کے سرکردہ رکن چوہدری خالد محمود نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کے خواب کی تعبیر کا ایک حصہ ہمارے بزرگوں کی عظیم قربانیوں سے پاکستان معرض وجود میں آگیا لیکن بھارت اور اغیار کی سازش سے شہ رگ پاکستان کشمیر کو متنازع بناکر بھارت نے افواج کے ذریعے وادی کشمیر پر زبردستی قبضہ کرلیا اور پاکستان کے خلاف سازشیں کیں، تین جنگیں مسلط کیں اور مسلسل پاکستان میں مداخلت جاری رکھی، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی بقا اور خوشحالی صرف اور صرف حقیقی جمہوریت میں پنہا ہے اور ہر پاکستانی کو قومی مفادات کو بالاتر رکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما چوہدری اخلاق احمد نے کہا کہ استحکام پاکستان ہی تکمیل پاکستان یعنی آزادی کشمیر کی ضمانت بن سکتا ہے۔ اس کے لئے پاکستان میں جمہوریت کا تسلسل ضروری ہے۔ انہوں نے قومی یکجہتی پر زور دیا، سیاسی، سماجی رہنما چوہدری نصر اللہ خان نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کو پھلنے پھولنے دینا چاہیے، انہوں نے کہا کہ پاکستان جمہوریت سے قائم ہوا تھا، اس کی بقاء بھی جمہوریت ہی میں ہے۔ سینئر سٹیزن لانگ سائٹ مانچسٹر کے چیئرمین محمد صفدر (کوئٹہ والے) نے کہا کہ پاکستان میں قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایل او سی پر فائرنگ اور پاکستان کے اندرونی حصوں میں سازش کو ہوا دے رہا ہے۔ اس لئے حکومت اور اپوزیشن قومی امور پر ہم آہنگی پیدا کرے اور احتساب کے نام پر انتقام کے تاثر کو ختم کیا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے جمہوریت کو مضبوط کرنے پر زور دیا۔