نجی تعلیمی ادارے کمرشل ہوگئے، قوانین نہ ماننے والوں کی رجسٹریشن ختم کردینگے، وزیرتعلیم سندھ

November 14, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیرتعلیم سید سردار علی شاہ نے خبردار کیا ہے کہ قوانین پر عمل نہ کرنیوالے نجی اسکولوں کی رجسٹریشن ختم کردینگے، نجی اسکولوں کا معاملہ کمرشل بنیادوں پر چل رہا ہے، ایک دو بڑی مچھلیاں پھنسی تو سب بہتر ہوجائیگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سندھ اسمبلی کے اجلاس میں سندھ میں بچوں کی مفت اور لازمی تعلیم سے متعلق پیش کردہ قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔وزیر تعلیم سردار شاہ نے کہا کہ بچوں کے مستقبل پر سیاست نہیں کرسکتے،قرار داد اچھی ہے اور اسکی حمایت کرتے ہیں، ذہین بچوں کو اسکالر شپ کے ذریعے پڑھایا جانا چاہیے ۔ وزیر تعلیم نے واضح کیا کہ نجی اسکول سالانہ 5فیصد سے زیادہ فیسوں میں اضافہ نہیں کرسکتے، نجی اداروں کی کنٹرولنگ اتھارٹی ان اسکولوں کو قابو نہیں کرسکی ہے، صوبے میں 12ہزار 670 نجی اسکول رجسٹرڈ ہیں تاہم 6تا7ہزار نجی اسکول رجسٹرڈ نہیں، فیسوں کے معاملے پر جب محکمہ تعلیم نے کچھ نہیں کیا تو والدین عدالت گئے ۔انہوں نے بتایا کہ عدالتی فیصلے پر ہم نے اسکولوں کو سات سے زائد خط لکھے کہ زائد فیس واپس کریں ، آج تک اسکولوں نے عدالتی حکم پر عمل نہیں کیا۔ سردار شاہ نے خبردار کیا کہ جو اسکول قوانین پر نہیں چلے گا ہم ان کی رجسٹریشن ختم کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ اب لیپ ٹاپ لیکر بیٹھونگا اور قوانین پر عمل نہ کرنے والے اسکولوں کو فورا نوٹس دونگا۔