شیخوپورہ میں آئل ٹینکر اور ٹرک میں تصادم، ایک شخص جاں بحق

November 15, 2018

شیخوپورہ میں منڈیالی ٹول پلازہ پر آئل ٹینکر کو پیچھے سے آنے والے تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار دی جس سے آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی، آگ سے جھلس کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق شیخوپورہ کے منڈیالی ٹول پلازہ پر تیل سے بھرا آئل ٹینکر ٹول ادا کرنے کے لیے کھڑا تھا کہ پیچھے سے آنے والا ایک تیز رفتار ٹرک اس سے ٹکرا گیا جس سے آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی، آگ اس قدر شدید تھی کہ اس نے آئل ٹینکر، ٹرک اور ٹول پلازہ کے 3 بوتھس کو بھی اپنی لپیٹ میں لےلیا۔

آئل ٹینکر، ٹرک کے ڈرائیورز نے کود کر اور ٹول پلازہ کے عملے نے بھاگ کر اپنی جانیں بچائیں جبکہ ٹکر مارنے والا ٹرک کا کلینر جھلس کر ہلاک ہوگیا۔ فائربریگیڈ کی 5 گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔