سینٹرل لندن میں سپر سائز گھروں کی تعمیر پر پابندی لگانے کا منصوبہ، نئی عمارتوں کی حد کا تعین ہوگا

November 15, 2018

لندن( نیوز ڈیسک) ویسٹ منسٹرسٹی کونسل نےسینٹرل لندن میں سپر سائز کے میگا ہومز کی تعمیر پر پابندی لگانے کامنصوبہ بنایا ہے تاکہ حقیقی ضرورت مند مکان خریدسکیں،یہ کونسل مے فیئر، نائٹس برج اور بیلگریویا جیسے متمول علاقوں کے معاملات بھی دیکھتی ہے۔نئے منصوبے کے تحت اب 150مربع میٹر سے زیادہ رقبے پر نئی عمارتوں کی تعمیر پرپابندی ہوگی ، کونسل کاکہناہے کہ اس کامقصد دولت مندوں کے بجائے حقیقی ضرورت مندوں کو مکان کے حصول کاموقع فراہم کرنا ہے۔ ویسٹ منسٹر کونسل کاکہناہے کہ 150مربع میٹر کا مکان اس علاقے کی اوسط فیملی کے مکان سے50 فیصد بڑا ہے۔ نئے قواعد وضوابط کونسل کے40-2019 کے ترقیاتی منصوبے میں شامل کئے گئے ہیں،اس منصوبے میں برو میں2040 تک 10 ہزار کم قیمت مکانوں کی تعمیر شامل ہے۔کونسل کاکہناہے کہ این ڈی ایس ایس کے کم از کم معیار سے 12 میٹر زیادہ ہے اور اوسط مارکیٹ سائز سے50 فیصد بڑا ہے۔ کونسل کے مطابق مکانوں کی تعمیر کے رقبے کی یہ حد پرائم مارکیٹ کی ضرورت پوری کرنے کیلئے وسیع رقبے کے مکانوں کے عین مطابق ہے، کونسل میں منصوبہ بندی کے شعبے کے نگراں رچرڈ بیڈوئے نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ ویسٹ منسٹر تیزی سے ترقی کرے یہاں مختلف کمیونٹیز مل جل کر رہیں،صرف خالی پڑے ہوئے سپر مکان نہ ہوں۔انھوں نےکہا کہ ویسٹ منسٹر میں عام پرائیوٹ مکان 100 مربع میٹر کے ہوتے ہیں، یہ اب پرائم مارکیٹ سے ڈیولپمنٹ کی ضروریات پوری کرنے کیلئے بڑے سائز کے مکان ڈیولپ کرسکیں گے۔جبکہ نئے مکان دوسرے مکانوں کے درمیان توازن قائم کریں گے، انھوں نے کہا کہ اب شہر کو زیادہ سٹریٹیجک مکانوں کی ضرورت ہے،یہی وجہ ہے کہ ہم نئے لگژری اپارٹمنٹس پر پابندی لگارہے ہیں اور ایک نئے اضافی بیڈ روم کی پالیسی متعارف کرارہے ہیں تاکہ فیملیز کو اپنے گھروں کو توسیع دینے کی سہولت حاصل ہوسکے اور ویسٹ منسٹر میں قیام کے لئے ان کے پاس وافر جگہ موجود ہو، اور انھیں ویسٹ منسٹر سے باہر جانے کی ضرورت نہ رہے،انھوں نے کہا کہ لوگوں کو شہر میں رہنےکیلئے مناسب سائز کے مکان کی فراہمی یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔انھوں نے کہا کہ مکانوں کی قلت ایک قومی بحران ہے اور ہمیں نہ صرف بحیثیت مجموعی برطانیہ کے مفاد کیلئے اس مسئلے کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہے بلکہ ان حقیقی معنوں میں جولوگ اس شہر میں قیام کرنا اور اپنی فیملیز کی پرورش کرنا چاہتے کی خواہشات پوری کرنا چاہتے ہیں۔