سی سی پی او آفس کے سامنے ڈاکو منی چینجرز سے ڈیڑھ کروڑ لوٹ کر فرار

November 15, 2018

لاہور (کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی مختلف وارداتوں میں ڈاکو لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر لے گئے، سول لائنز کے علاقہ میں سی سی پی او آفس کے سامنے 2 ڈاکو کارسوار منی چینجر بھائیوں سے 1 کروڑ 55 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔ ڈاکوؤں نے فائرنگ بھی کی لیکن سی سی پی او آفس کی چھتوں پر موجود کوئی اہلکار ان پر فائرنگ کر سکا اور نہ ہی انہیں پکڑ سکا۔ پولیس نے ایک متاثرہ شخص ایاز کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزموں کا سراغ لگانا شروع کر دیا ہے۔ ادھر، ڈیفنس کے علاقہ میں ڈاکوؤں نے بلال اور اس کی فیملی سے 2 لاکھ 40 ہز ار مالیت کی نقدی و طلائی زیورات،قا ئد اعظم انڈسٹریل ایریا میں ماجد سے 2 لاکھ 10ہز ار مالیت کی نقدی و طلائی زیورات، مناواں میں ڈاکوؤں نے اعجاز اور فیملی سے 2 لاکھ مالیت کی نقدی و طلائی زیورات، گلشن اقبال میں ڈاکوؤں نے ناصر سے 1 لاکھ 80 ہزاز کی نقدی و طلائی زیورات، سرور روڈ پر ڈاکوؤں نے بشیر سے 1 لاکھ کی نقدی و موبائل فون، شاد باغ میں مبشر سے 2 لاکھ کی نقدی و طلائی زیورات، ریس کورس میں اکبر سے 1 لاکھ مالیت کی نقدی و طلائی زیورات، اچھرہ میں نصیب سے 1 لاکھ 20 ہز ار مالیت کی نقدی و طلائی زیورات لوٹ لئے گئے۔ ماڈل ٹاؤن، مانگا منڈی، ڈیفنس بی سے کاریں جبکہ مصطفیٰ آباد، گجر پورہ، قلعہ گجر سنگھ، لٹن روڈ، اچھرہ، یکی گیٹ، لاری اڈہ سے موٹر سائیکلیں چوری ہو گئیں۔