پی آئی اے: کاروبار کو وسعت دینے کیلئےحکمت عملی بنالی

November 17, 2018

لاہور (نیوز رپورٹر)پی آئی اے نے اپنی پروازوں کے دائرہ کار کو وسعت دیتے ہوئے مسقط اور شارجہ کیلئے ایک سال سے زائد عرصہ سے معطل پروازیں17 نومبر سے دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ قومی ایئرلائن کے شعبہ کمرشل نے کاروبار کو وسعت دینے کیلئےحکمت عملی بنالی ہے تا کہ مارکیٹ میں حصہ اور ریونیو میں اضافہ کیا جا سکے۔ اس سلسلے میں ایک اعلی سطح کا اجلاس پی آئی اے کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ائرمارشل ارشد ملک کی زیرصدارت ہوا جس میں بتایا گیاکہ پی آئی اے مسقط کیلئے ہفتہ وار دو پروازیں ہفتہ اور اتوارکو چلارہی ہے،لاہور سے پروازیں شروع ہونے سے ہفتہ وار تعد اد9ہو جائیگی ۔ پشاور، تربت اور گوادر سے مسقط کیلئے پروازیں پہلے سے ہی چلائی جا رہی ہیں۔ سیالکوٹ سے شارجہ کیلئے 20 نومبر سے2ہفتہ وار پروازیں منگل اور جمعہ کو چلائی جائیں گی جن سےپروازوں کی ہفتہ وار تعداد5ہو جائیگی۔ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ قومی ایئر لائن کی بحالی اور تنظیم نو ہر صورت میں ہو گی،حکومت بھر پور تعاون کر رہی ہے۔