شفافیت اور بلاامتیاز احتساب گڈگورننس کی روح ہے، گورنر پنجاب

November 18, 2018

لاہور(سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اداروں کی مضبوطی اور عوام کی بالادستی جمہوریت کی بنیاد ہے جبکہ شفافیت و بلاامتیاز احتساب ہی گڈگورننس کی رُوح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے زیر اہتمام20 ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ حقیقت پوری دنیا میں عیاں ہے کہ عالمی امن اور خطے کی سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی فوج اور دیگرقومی اداروں نے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں ، افسوس اس امر کا ہے کہ عالمی برادری نے پاکستان کی قربانیوں کو وہ پذیرائی نہیں دی جس کا وہ حق رکھتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ہم خطے میں پرامن ماحول کے سب سے بڑے داعی ہیں اور اپنے ہمسایہ ممالک سے برابری کی سطح پر خوشگوار تعلقات بھی رکھنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک ملکی ترقی کے ساتھ ساتھ خطے کی خوشحالی کے لیے سود مند ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سی پیک کے ثمرات سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے اور اس سلسلے میں ون ونڈو سسٹم شر وع کیا گیا جہاں پر سرمایہ کاروں کو ایک چھت تلے تمام سہولیات دستیاب ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے جی ایس ٹی پلس کا درجہ ملنے کا فائدہ نہیں اٹھایا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ جب تک ملک میں انصاف کا نظام نہیں ہوگا ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میرٹ کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور’’ رائٹ پرسن فار رائٹ جاب‘‘ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ اس موقع پر وفد کے سر براہ میجر جنرل سمریز سالک نے ادارے کے اغراض و مقاصد اور یونیورسٹی میں ورکشاپ کے شرکاء کے تربیتی مراحل کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی۔ گورنر پنجاب کو ادارے کی طرف سے شیلڈبھی دی گئی۔