ٹریفک حادثات کے متاثرین کی یاد میں دن منایاگیا

November 19, 2018

لاہور(کرائم رپورٹر سے) پنجاب بھر میں روڈ ٹریفک حادثات کے لاکھوں متاثرین کی یاد کے عالمی دن کے موقع پر، ٹریفک حادثات میں ہلاک ہونے والے افراد کے عزیز و اقارب ، ریسکیو1122اور سول سوسائٹی سے کثیر افراد نے سٹرکوں کو محفوظ بنانے کے عزم کے ساتھ منایا۔اس دن کے منانے کا مقصد ان تمام لوگوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جوحادثات میں بروقت مدد فراہم کرتے ہیںجن میں خاص طور پر ریسکیورز ، پولیس اور میڈیکل سے وابستہ لوگ شامل ہیں۔اس سلسلے میں روڈز کو سفر کے لیے محفو ظ بنانے کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے مختلف سیمنار، واک اور ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ روڈ ز کو سفر کے لیے محفوظ بنانا موجودہ "عالمی روڈ سیفٹی منصوبے "کا دوسرا اہم جزو ہے ۔ حادثات کا شکار ہونے والے لوگوں کو بھی ان آگاہی تقریبات میں مدعوکیا گیا تاکہ وہ اپنے ساتھ پیش آنے والے حادثات کے بارے میں لوگوں کو بتا سکیں تاکہ بہتر منصوبہ بندی کی جا سکے۔ روڈ سیفٹی ٹریفک انوائرمنٹ پاکستان کی طرف سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقدہ سیمنار میں ڈی جی ریسکیو پنجاب نے بطور مہمان خصوصی کہا کہ کہ رو ڈٹریفک حادثات میں دنیا میں 13لاکھ سے زائد لوگ حادثات کا شکار ہوتے ہیں ۔اور 50لاکھ سے زائد لوگ کسی نہ کسی معزوری کا سامنا کرتے ہیں اور ان حادثات میں سے 90فیصد واقعات پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک میں ہوتے ہیں جہاں پر صرف 48فیصد گاڑیاں باقاعدہ رجسٹرڈہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس تمام اضلاع میں اب تک 23لاکھ سے زائد روڑ ٹریفک حادثات میں لوگوں کو بروقت مدد مہیا کر چکی ہے جبکہ پنجاب میں اوسطً900حادثات میں روزانہ کی بنیاد پر ریسکیو سروس فراہم کرتی ہے جن میں اکثر گھر کے واحد کفیل نوجوان افرادہوتے ہیں ۔ ڈی جی ریسکیو پنجاب نے کہا کہ اعداد و شمار کے مطابق سروس کی ابتدا 2004سے لے کرلوگوں کے زخمی ہونے کی سب سے بڑی وجہ روڈ ٹریفک حادثات ہیں۔ کل23لاکھ زخمیوں میں 242404سر کی چوٹ ، 41948ریڑھ کی ہڈ ی کی چوٹ، 217834ایک سے زیادہ ہڈی ٹوٹنے کی ایمرجنسیز، 353622سنگل فریکچرجبکہ خوش قسمتی سے 1477973(63فیصد )افرادمعمولی زخمی ہوئے۔ ڈی جی ریسکیو پنجاب نے کہا کہ حادثات میں خواتین(21)فیصد کی نسبت مرد زیادہ) (79فیصد متاثر ہوئے جبکہ 25603افراد ہلاک ہوئے۔ اعدادو شمار کے جائزہ کے مطابق 40فیصد حادثات کی وجہ اوورسپیڈنگ،33 فیصد غیر محتاط ڈرائیونگ،8فیصد غلط مڑنے کے سبب، جبکہ 12فیصد دیگر وجوہات کی بنا پر ہوئے۔ون ویلنگ کے 1577حادثات ہوئے ۔