تحریک انصاف نے سٹیٹس کو ،کو توڑ کر سٹیٹس کو کی قوتوں کی چیخیں نکال دی ہیں ،محمود خان

November 20, 2018

پشاور(نیوزڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے سٹیٹس کو ،کو توڑ کر سٹیٹس کو کی قوتوں کی چیخیں نکال دی ہیں۔ سابق فاٹا کے سات اضلاع اور چھ ایف آر آئینی طور پر صوبے کا حصہ بن چکے ہیں ، اس سلسلے میں کوئی اگر مگر نہیں ، اس پر لوگ اپنی دکانیں نہ چمکائیں ۔ہزارہ ، ملاکنڈ ڈویژن، جنوبی اضلاع اور صوبے کے دیگر سیاحتی مقامات کو بطور صنعت فروغ دیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق وزیر سید احمد حسین شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سید احمد حسین شاہ نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور اپنے اندان اورساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے سید احمد حسین شاہ اور اُن کے ساتھیوں کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کیااور کہاکہ پاکستان تحریک انصاف اشرافیہ کے خلاف اور عام آدمی کی فلاح کا ایجنڈا لے کر نکلی ہے . وزیراعلیٰ نے اس موقع پر قبائلی اضلاع کے صوبے میں انضمام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق فاٹا اب آئینی طور پر صوبے کا حصہ بن چکا ہے ۔لہٰذا اس مسئلے پر لوگ ذاتی دکانیں نہ چمکائیں ہم قبائلی اضلاع کے مقامی کلچر اور روایات کو فروغ دیں گے ۔ عمائدین کی مشاورت سے مقامی روایات کے مطابق ترقی اور خوشحالی کا ماحول پیدا کریں گے ۔ قبائلی اضلاع بھرپور قدرتی وسائل رکھتے ہیں۔ وہاں صنعت و سیاحت کی ترقی ، نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی فراہمی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ترجیحات میں شامل ہے ۔ قبائلی اضلاع میں متعدد قدرتی وسائل موجود ہیں جن کو بروئے کار لاکر عوام کی حالت زندگی تبدیل کی جا سکتی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے انکشاف کیا کہ ایک درجن سے زائد صوبائی محکموں کو نئے اضلاع تک توسیع دی جا چکی ہے جس کا باضابطہ اعلان ہو چکا ہے ۔ صوبائی محکموں کی توسیع اور نئے اضلاع کی ترقی کا عمل مکمل انضمام تک بتدریج جاری رہے گا۔ اس مقصد کیلئے وفاق بھی وسائل فراہم کرے گااور صوبائی حکومت اپنے طور پر بھی اقدامات کرے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ نئے اضلاع میں صوبائی کوٹہ برقرار رکھا گیا ہے ، وہاں کے لوگوں کو انصاف اور میرٹ سمیت ترقی اور خوشحالی کے ہمہ گیر مواقع دیئے جائیں گے تاکہ اُن کا احساس محرومی ختم ہو سکے ۔