قبائلی علاقوں میں بیرونی امداد سے تعلیم سمیت مختلف شعبوں کو ترقی دینے کا فیصلہ

November 20, 2018

پشاور( نامہ نگار) خیبرپختونخوا حکومت نے صوبہ میں ضم ہونے والے سابقہ قبائلی علاقوں میں بیرونی امداد سے تعلیم سمیت مختلف شعبوں کو ترقی دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ان علاقوں میں تعلیم سمیت دیگر شعبوں کی ترقی کا جائزہ لینے اوراس کے لئے بیرونی امداد حاصل کرنے کے لئے خیبر پختونخواحکومت اور امریکی، برطانو ی اور جرمنی سمیت دیگر اہم انٹر نیشنل ڈویلپمنٹ پارٹنرز کے درمیان اعلیٰ سطحی مذاکرات 7دسمبر کو ہونگے ۔جبکہ اعلیٰ سطحی مذاکرات کے ایجنڈے پر غور کے لئے برطانوی ہائی کمیشن کی میزبانی میں مذاکرات سے ایک روز قبل صوبائی حکومت اور انٹرنیشنل پارٹنرز کے درمیان غیر رسمی بات چیت ہوگی ۔ اس سلسلے میں برطانیہ کے عالمی امدادی ادارے ڈی ایف آئی ڈی کی جانب سے صوبائی سیکرٹری تعلیم کے نام ارسال کئے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ ،چیف سیکرٹری اور وزیر خزانہ کے ساتھ ہونے والی بات چیت جس میں سابقہ قبائلی علاقوں کی ٹرانزیشن کے حوالے سے اعلیٰ سطحی مذاکرات منعقد کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا کے سلسلے میں 7دسمبر کو اعلیٰ سطحی مذاکرات منعقد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔جبکہ اس سے قبل برطانوی ہائی کمیشن کی میزبانی میں 6 دسمبر کو برطانوی کمیشن اسلام آباد میں خصوصی استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا جائے گا جس میں عالمی بنک ، ایشیائی ترقیاتی بنک ،یورپی یونین یو ایس ایڈ نے جرمن سفارتخانے جائیکا اور اقوام متحدہ کے نمائندہ شرکت کریں گے تقریب میں 7دسمبر خیبر پختونخواحکومت اور امریکی، برطانو ی اور جرمنی سمیت دیگر اہم انٹر نیشنل ڈویلپمنٹ پارٹنرز کے درمیان اعلیٰ سطحی مذاکرات کے ایجنڈے سمیت دیگر اہم امورپر غور کیا جائے گا۔