امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان پر ملک کی بڑی سیاسی جماعتیں ایک ہوگئیں

November 20, 2018

اسلام آباد(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان پر ملک کی بڑی سیاسی جماعتیں ایک ہوگئیں ‘سابق چیئرمین سینیٹ رضاربانی اور سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کا بھی ٹرمپ کوکرارا جواب ‘رضاربانی نے کہاکہ ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان تاریخی حقائق کے منافی ہے ٗامریکی صدر کی ایک خود مختار ملک کے حوالے سے زبان جارحانہ ہے پاکستان امریکا کی کالونی نہیں جبکہ خواجہ آصف کا کہناہے کہ پاکستان نے امریکا کیلئے جو کچھ کیا، اس کا بدلہ اب تک خون سے چکا رہے ہیں ‘دونوں ملکوں کا تعلق بے وفائیوں اور پابندیوں پر مبنی ہے ‘ امریکی مفادات کے لیے ہم نے نئے مسلک تک ایجاد کر ڈالے ‘وفاقی وزیرشیریں مزاری کہتی ہیں ٹرمپ کا بیان امریکا کو خوش کرنیوالوں کیلئے سبق ہے‘وزیرمملکت داخلہ شہر یار آفریدی کے مطابق نئے پاکستان میں برابری کی سطح پر بات ہوگی ‘ ڈو مور نہیں سنیں گے۔خواجہ آصف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کے لیے ہم نے بڈھ بیر سمیت وہ جنگیں بھی لڑیں جو ہماری نہیں تھیں حتی کہ امریکا کے لیے اپنی رواداری پر مبنی اقدار کو تباہ کرکے ہم عدم رواداری لے آئے۔ خواجہ آصف نے پاکستان اور امریکا کے تعلق کو بے وفائیوں اور پابندیوں پر مبنی قرار دے ڈالا۔ادھر وزیرمملکت داخلہ شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستان دنیاکی سب سے بڑی جنگ اپنی سرزمین پرلڑرہاہے، نئے پاکستان میں دنیا کو بتا دیا ہے کہ اب برابری کی سطح پر بات ہوگی، ڈومور نہیں سنیں گے،کسی کوریاست کے اندر ریاست بنانے کی سوچ بنانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ اسلام آبادچیمبرآف کامرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہریارآفریدی کا کہناتھاکہ ہمارے ملک میں چیلنجز کے انبار لگے ہیں، ذاتی مفادات کو ترجیح دینے سے عوام متاثر ہوتے ہیں‘ہم 71سال سےدہشت گردی جیسے مسائل میں الجھے ہوئے ہیں، ہم نے اپنے لوگوں کے مسائل کو سمجھا ہی نہیں، نیا پاکستان اپنی جنگ تن تنہا لڑ رہا ہے‘ کسی کو مذہب اور مسلک کے نام پر یا تجارت کے نام پر مسلط نہیں ہونے دیں گے، لوگوں کو بتا دیا ہے کوئی قانون سے بالا نہیں‘ نئے پاکستان میں پرانی سوچ کے لیے جگہ نہیں۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ امریکی صدر کی پاکستان مخالف گردان اُن پاکستانی رہنماؤں کے لیے ایک سبق ہے جو نائن الیون کے بعد امریکا کی خوشامد میں لگے رہے‘پاکستان کے امریکا کے ساتھ تعاون کی فہرست طویل ہے، خصوصاً دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی جانوں کا ضیاع، ریمنڈ ڈیوس کو محفوظ راستہ دینا شامل ہے۔ ا