تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران کئی غیر قانونی تعمیرات مسمار

November 20, 2018

اسلام آباد( نیو زرپورٹر) سی ڈی اے اور اسلام آباد انتظامیہ نے جی ٹی روڈ کے رائٹ آف وے پر غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران متعدد غیر قانونی عمارتوں ، پلازوں، مارکیٹوں، چھپر ہوٹلوں سمیت کئی غیر قانونی تعمیرات مسمار کر کے 250 کنال سرکاری اراضی کو غیر قانونی قابضین سے واگزار کروا لیا۔اس موقع پر کسی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کے لیے کائونٹر ٹریریزم فورس اور اینٹی رائٹ فورس تعینات تھی ۔ آپریشن کے دوران ترنول پھاٹک سے لے کر پشاور کی سمت جی ٹی روڈ پر1.5 کلومیٹر رائٹ آف وے پر کی گئی تعمیرات کو مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا اور غیر قانونی قابضین سے سرکاری اراضی واگزار کروالی گئی۔ آپریشن کے پہلے روز غیر قانونی طور پر تعمیر کردہ150دکانوں، 20 کمرے، 7چھپر ہوٹل، 30شیڈ، 5کھوکھے، ایک لکٹری کا ٹال، 10بھوسے کے ٹال، 8 چکن شاپس، 10 کباڑ خانے، 6شنوار ہوٹل، 10 فروٹ سٹالز، 2 سروس سٹیشن، 3 کنٹیرز اور 10 بائونڈری والز بشمول 2 چار دیواریاں جو 10 کنال پر تعمیر کی گئیں تھیں کو مسمار کر دیا گیا۔ سی ڈی اے نے یہ آپریشن آئی سی ٹی کے محکمہ ِ مال، سی ڈی اے کے لینڈ ڈائریکٹوریٹ اور این ایچ اے کی طرف سے کی جانیو الی حد بندی کے بعد شروع کیا ۔ آپریشن آج بھی جاری رہے گا۔