اتباع رسول ؐ کے بغیر دنیا وآخرت میں سرخروئی ممکن نہیں،مقررین

November 20, 2018

لاہور(نمائندہ جنگ ،خصوصی رپورٹر)عالمی سیرت النبیؐ کانفرنس گزشتہ روز الحمراء میں ہوئی ، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اوقاف پنجاب پیر سیدسعید الحسن شاہ، حسین جہانیاں گردیزی ، سیکرٹری اوقاف ذوالفقار احمد گھمن اور ڈائریکٹر جنرل اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہاکہ نبی اکرم ؐ کا اسوہ انسانیت کے لیے مینارہ نور ہے۔دنیا و آخرت میں سرخروئی، اتباعِ رسول کے بغیر ممکن نہیں ۔ اس موقع پرعلامہ صاحبزادہ فضل الرحیم اشرفی، علامہ محمد حسین اکبر، ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، علامہ زبیر احمد ظہیر،ڈاکٹر سعد صدیقی ، علامہ محمد شفیق پسروری، حافظ طاہر محمود اشرفی، علامہ نیاز حسین نقوی، علامہ سید عبدالخبیر آزادخطیب بادشاہی مسجد، مفتی محمد رمضان سیالوی خطیب داتا دربار، سہیل وڑائچ ، ارشاد احمد عارف، مولانا غلام محمد سیالوی سمیت دیگر عمائدین نے شرکت کی۔ خصوصاً اس عالمی سیرت النبی ؐ کانفرنس میں پاکستان، برطانیہ ، انڈیا، تیونس ، ترکی، سعودی عرب سمیت دنیا بھر سے ممتاز علمی اور دینی شخصیات اورمعروف اسلامی سکالرزنے سیرت طیبہ اور اسوۂ حسنہ پر اپنے اپنے مقالات اور خطبات پیش کیے، مقررین نے کہا کہ عشقِ رسول کا سب سے بڑا تقاضہ یہ ہے کہ ہم انسانیت کے لیے خیروفلاح کا باعث بنیں۔ قومی یکجہتی ، ملکی استحکام اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے سیرت طیبہ سے روشنی حاصل کی جانی چاہیے ۔