اسلام آباد ہائیکورٹ، توہین عدالت کی درخواست پر سیکرٹری داخلہ،سیکرٹری آئی ٹی،چیئر مین پی ٹی اے و دیگر سے جواب طلب

November 21, 2018

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر ریاست مخالف سرگرمیوں سے متعلق توہین عدالت کی درخواست پر سیکرٹری داخلہ ، سیکرٹری آئی ٹی ، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ، چیئرمین پیمرا اور چیئرمین پی ٹی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 روز میں جواب طلب کر لیا ہے۔ منگل کو عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق نے شہری فرخ نواز بھٹی کی درخواست کی سماعت کی تو درخواست گزار کے وکیل راجہ رضوان عباسی نے پیش ہو کر موقف اپنایا کہ درخواست میں ریاست مخالف سرگرمیوں کی نشاندہی کی گئی ہے جس میں 2ممبران قومی اسمبلی کی تقاریر کا حوالہ بھی دیا گیا ہے ، عدالت نے قومی سلامتی کے اداروں کو ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ، 4جولائی کو جاری حکم میں قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کی گئی تاہم کوئی کارروائی نہ کی جا سکی جو توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔