خیبر پختونخوا میں میڈیکل تعلیم کا سب سے برا حال ہے، سپریم کورٹ

November 21, 2018

اسلام آباد(آ ئی این پی) سپریم کورٹ نے مطلوبہ معیار پر پورا نہ اترنے کیوجہ سے فرنٹیئر اور ایبٹ آباد میڈیکل کالجز میں داخلوں پر پابندی لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ان دونوں کالجز میں کوئی داخلہ نہیں ہوگا، خیبر پختونخوا میں میڈیکل تعلیم کا حال سب سے برا ہے، پاکستانی میڈیکل کالجز کی ڈگریوں کی بیرون ملک اہمیت کاغذ کے ٹکڑے سے زیادہ نہیں۔کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے ایبٹ آباد کے نجی میڈیکل کالجز میں داخلوں سے متعلق درخواستوں کی سماعت کی۔ سپریم کورٹ نے مطلوبہ معیار پر پورا نہ اترنے کیوجہ سے فرنٹیئر اور ایبٹ آباد میڈیکل کالجز میں داخلوں پر پابندی لگا دی۔جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ ان سے آبادی ویسے تو کنٹرول ہوتی نہیں، بندے مارنے کیلئے اس طرح کے ڈاکٹرز بنائے جاتے ہیں۔پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے مطلوبہ معیار پر پورا نہ اترنے کیوجہ سے ان دونوں کالجز میں داخلوں پر پابندی عائد کی تھی۔