تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے ینگ ڈاکٹرز نے حکومت کو الٹی میٹم دیدیا

November 21, 2018

پشاور(خبرنگار)ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا نے کالج آف فزیشن اینڈ سرجن کی رجسٹریشن اور صوبے میں چھ سو سے زائد ڈاکٹروں کی بند تنخواہوں کی ادائیگی کےلئے حکومت کوایک ہفتے کی مہلت دیدی۔پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری اسفندیار اوردیگرعہدیداروں ڈاکٹر فیصل ، ڈاکٹر آصف، ڈاکٹر سلطان گل اور دیگر نے کہاکہ صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں اس وقت چھ سوکے قریب ڈاکٹر سپیشلائزیشن کررہے ہیں لیکن ان تمام ڈاکٹروں کی تنخواہیں پچھلے چھ ماہ سے بندہیں جو کالج آف فزیشن اینڈ سرجن کی رجسٹریشن سے مشروط کی گئی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ تنخواہوںکی بندش سے جہاں ایک جانب ینگ ڈاکٹرز مالی مشکلات کا شکار ہیں تو دوسری طرف کالج آف فزیشن اینڈ سرجن کی رجسٹریشن نہ ہونے کی وجہ سے چھ سو کے قریب ڈاکٹرز کا مستقبل بھی داؤ پر لگ گیا ہے۔