’امریکی مرضی سے ملنے والے اقتدار پر لعنت بھیجتے ہیں‘

November 21, 2018

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکاکی مرضی سے ملنے والے اقتدار پر لعنت بھیجتے ہیں، سودی نظام کے باعث پاکستان کی معیشت تباہ حال ہے۔

سوات کے شہر سیدو شریف کے ودودیہ ہال میں سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ پیغمبر اسلام کی سیاست اور کردار کو ہم نے پس پشت ڈال دیا ہے،اسلام کے نام پر بننے والے پاکستان میں آج تک شریعت نافذ نہ ہوسکی۔

انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں ایک لاکھ سے کم آمدنی والے کا چولہا نہیں چل کے گا، پاکستان جن مشکلات کا شکار ہے اس کی بڑی وجہ پیغمبراسلام حضرت محمدمصطفیٰﷺکے بتائے ہوئے اصولوں سے روگردانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پاکستانی عوام کی کامیابی نبی پاکﷺکے اصولوں پر عمل پیراہونے میں ہے اور اسلام دین فطرت ہے اور اس میں زندگی کے تمام مسائل کا حل موجود ہے۔