لاپتہ افراد کیس، عدالت کا پولیس پر برہمی کا اظہار

November 22, 2018

سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ افراد کے کیس میں پولیس کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

لاپتہ افراد کے کیس میں عدالت نے ریمارکس دیئے کہ لاپتہ افراد کے کیس کو سنجیدہ لینا چاہتے ہیں۔ تفتیشی افسر کو کیس کا مکمل علم ہونا چاہیے۔

اہلیہ نیاز حسین اور عظیم صدیقی نے بتایا کہ ان کے شوہر دو سال سے لاپتہ ہیں۔ حافظ سعید اللہ اور عبداللہ کے والد نے کہا کہ دونوں بیٹوں کو اٹھالیا گیا ہے اب وہ کہاں جائیں۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں کو ڈی ایس آر رینجرز کلیم امام نے حراست میں لیا ہے، جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر ڈی ایس آر رینجرز کو طلب کرلیا۔

اس موقع پر عدالت نے لاپتہ افراد کی بازیابی پر پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 16 جنوری تک ملتوی کردی ۔