’معلوم نہیں عمران خان ملک کو بدنام کیوں کررہے ہیں‘

November 22, 2018

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہےکہ معلوم نہیں کہ عمران خان دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی کیوں کررہے ہیں،جب ملک کی منفی تصویر پیش کی جائیگی توکون سا سرمایہ کارپاکستان آئے گا۔

سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان دنیا کوجا کریہ بتاتے ہیں کہ پاکستان کرپٹ ملک ہے،دھاندلی کے ذریعے عمران خان کو مسلط کیا گیا ہے ،حکومت نے پاکستان سے متعلق دنیا بھر میں منفی پروپیگنڈہ شروع کیا ہوا ہے۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ موجودہ حکومت کہیں ہماری کوششوں پرپانی نہ پھیر دے۔انہوں نے کہا کہ چین میں سی پیک کے منصوبوں کے قصیدے پڑھتے ہیں۔ہماری حکومت نے دنیا کو بتایا تھا کہ پاکستان نے دہشتگردوں کی شکست دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کی تنظیم سازی کے لیے سندھ آیا ہوں،حیدرآباد میں اہم شخصیات مسلم لیگ ن میں شامل ہورہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ہاتھ صاف ہیں آپکی دھمکیوں سے نہیں ڈرتے،اگرآپ یہ سمجھتے ہیں کہ اپنی ناکامیوں کو اپوزیشن پرتنقید کے ذریعے چھپا لیںگے تویہ آپ کی بھول ہے،عمران خان نے جو جال ہمارے لیے بچھایاتھا آج خود اس میں پھنس گیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ خودکشی کرلونگا لیکن آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤنگا،عمران خان آپ توقرضے بھی لےرہے ہیں اور آئی ایم ایف کے پاس بھی جارہے ہیں،اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ قوم کو دھوکا دے کرآئے ہیں۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ خان صاحب ہم آپ کوگرانانہیں چاہتے،ہم چاہتے ہیں کہ آپ کا قوم سے دھوکاکھل کرسامنےآجائے،پریشان نہ ہوں ،آپ کے پاس ٹائم ہے،اپنی قابلیت ظاہر کریں،آپ کا وزیراعظم بننا ،غریب آدمی کے لیے بھاری پڑ گیا ،قوم روزانہ آپ کے یوٹرن کا خمیازہ بھگت رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نہیں چاہتے کہ ملک میں درجہ حرارت اتنا بڑھے کہ حکومت یہ تاثردے کہ ہمیں کام نہیں کرنے دیا جارہا ،نوازشریف جب بولیں گے تووہ یوٹرن نہیں لینگے،ہم عمران خان کو سیاسی شہید نہیں بننے دینگے۔جس نے بھی پاکستان کی دولت لوٹی ہے اس کے خلاف بھرپورکارروائی ہونی چاہیے،احتساب کا شفاف نظام بنانے کےلیے پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ نون تحریک انصاف کےساتھ کام کررہی ہے۔