جہانِ گم گشتہ (افسانے/ناولٹ)

December 02, 2018

مصنّفہ: نگہت سلیم

صفحات: 257، قیمت: 500روپے (12امریکن ڈالر)

برائےرابطہ:الطارق پبلی کیشنز،78-پی ای سی ایچ ایس،بلاک3،ہل پارک،روہیل کھنڈ سوسائٹی،کراچی

ہمارے عہد کے بڑے افسانہ نگاروں کے اُٹھ جانے کے بعد، اُردو افسانے کے دامن میں اچھی کہانیوں کا کال نظر آتا ہے، مگر کچھ افسانہ نگاروں نے اس خلاء کو پُر کرنے کی کوشش کی ہے۔ خالدہ حسین کے بہ قول، ’’اُردو افسانے میں بھی وقتاً فوقتاً جگنو چمکتے رہتے ہیں۔ ‘‘نئے لکھنے والوں نے اپنے آپ کو منوایا بھی ہے اور اپنا ایک حلقہ بھی پیدا کیا ہے، اُن ہی میں ایک نام، نگہت سلیم کا بھی ہے۔ ادبی رسائل میں ان کے افسانے گاہے بہ گاہے شایع ہوتے رہتے ہیں۔ انہوں نے اپنی تحریر کا ایک خاص معیار مقرر کیا ہے۔ فلیپ پر درج ڈاکٹر شاہین مفتی کی رائے کے مطابق، ’’اینٹ سے اینٹ جڑے دہری نفسیات کے صاف ستھرے پلاٹ، مناسب الفاظ، خفیف اشارے، قابلِ فہم علامتیں اور خالص علوم سے سجی دانائی ان افسانوں کا وصف ہے۔‘‘ اس مجموعے میں چھے افسانے اور تین ناولٹ شامل ہیں۔جس ناولٹ کے عنوان پر مجموعے کا نام رکھا گیا ہے، وہ سقوط ڈھاکا کے پسِ منظر میں لکھا گیا ہے۔ کتاب کی طباعت و اشاعت معیاری اور قیمت بھی مناسب ہے۔