کرتارپور کھلنے کے بعد220 سکھ یاتریوں کو ویزے جاری

December 06, 2018

کرتار پور راہداری کھلنے کے بعد پہلی بار پاکستان ہائی کمیشن نے 220 سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کردیےہیں۔

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق سکھر میں گزشتہ روزہندوؤں کے روحانی پیشوا سوامی شدرام صاحب کے 310 ویں جنم دن کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے جس میں شرکت کے لیے بھارت کے 220 سکھ اور ہندویاتریوں کو ویزے جاری کردیے گئے ہیں۔

پاکستان کے ضلع میر پور میتھلو میں موجود ’شاہدانی دربار‘ جو کہ 300 سال پرانا ہے نا صرف بھارت بلکہ پوری دنیا میں موجود سکھ اور ہندو یاتریوں کے لیے خاص اہمیت کا حامل ہے، ہر سال پوری دنیا سے عقیدت مند یہاں آتے ہیں۔ شاہدانی دربارکی بنیاد 1786 میں سینٹ سوامی شد ھرام صاحب نے حیات پتافی میر پور میتھلو میں رکھی تھی۔

سینٹ سوامی شد ھرام صاحب 1708 میں لاہور میں پیدا ہوئے تھے۔

ٹائمزآف انڈیا کے مطابق ہر سال بھارت سے ہندو اور سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد اپنے مذہبی تہوار وں میں شرکت کے لیے پاکستان کا رخ کرتی ہے، یہ سلسلہ کافی سالوںسے جاری تھا لیکن پاک بھارت تعلقات کشیدہ ہوجانے کے سبب سال 1974 میں دونوں ممالک کی جانب سے زائرین کے آنے جانے پر پابندیاں بڑھادی گئیں تھیں جس کے بعد اب وزیر اعظم عمران خان نے سکھ یاتریوں کے لیے کرتار پور راہداری کھولنے کا اعلان کیا ۔

واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے کرتار پور راہداری کا سنگ بنیاد28 نومبر کو رکھا تھا۔ سکھ یاتریوں کے روحانی پیشوا بابا گورو نانک کے 549 ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے 3 ہزار 800سکھ یاتریوں نے پاکستان کا رخ کیا اور ساتھ ہی وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے منعقد کردہ ’کرتارپور کوریڈور‘ کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی۔