لیاری گینگ کے کارندے سمیت30ملزمان گرفتار،اسلحہ،منشیات اور موٹرسائیکلیں برآمد

December 07, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) رینجرز نے زمان ٹاؤن اور کلفٹن کے علاقوں میں کارروائی کے دوران تین ملزمان محمد عدنان عرف حلوہ، نعیم احمد عرف پیرزادہ اور محمد کاشف کو گرفتار کیا ، ترجمان کے مطابق ملزمان ڈکیتی، لوگوں سے لوٹ مار اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں، جبکہ عوامی کالونی، زمان ٹاؤن، لیاقت آباد، کلفٹن اور بلوچ کالونی سے 10 ملزمان کو گرفتار کر کے غیر قانونی اسلحہ، اور مسروقہ سامان برآمد کیا ، سرجانی ٹائون سے سید غضنفر علی عرف موٹا کوگرفتار کرلیا ،ملزم کا تعلق متحدہ لندن سے ہے اور ٹارگٹ کلنگ سمیت دیگر جرائم میں ملوث ہے ،علاوہ ازیں اے سی ایل سی نے لیاقت آباد نمبر سے 2ملزمان اقبال اور جہانگیر خان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور مسروقہ موٹرسائیکل برآمد کر لی،پولیس کے مطابق ملزمان منی چینجرز، اے ٹی ایم مشین اور بینکوں سے رقم نکلوانے والے شہریوں سے لوٹ مار کرتے تھے اور ان کے گروہ میں 9 کارندے شامل ہیں ،ملزمان 2008 سے وارداتیں کر رہے تھے ،ملزمان وارداتوں میں رکشہ اور موٹرسائیکل استعمال کرتے تھے، ان کا خاص ہدف ناظم آباد، گولیمار، گرومندر، سولجر بازار ،طارق روڈ ، گلستان جوہر تھا،دریں اثنا بغدادی پولیس نے لیاری گینگ کے کارندے ارشاد عرف الو کو گرفتار کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے تین ماہ قبل فائرنگ کرکے خاتون اور مرد کو گولیاں مار کر قتل کیا تھا جس کا مقدمہ بغدادی تھانے میں درج ہے،سائٹ اے پولیس نے آصف اور عالمگیر کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول، 2 دستی بم، مسروقہ سامان اور نقدی برآمد کرلی، شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے مقابلے کے بعد ملزم حبیب الرحمن عرف پپن کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا ،عوامی کالونی پولیس نے ڈکیت افضل کو گرفتار کرکے اسلحہ ، بلال کالونی پولیس نے دو ملزمان سلمان اور صدیق کو گرفتار کرکے اسلحہ اور چوری شدہ موٹر سائیکل، عزیز بھٹی پولیس نے یاسین اور محمد حسن کو گرفتار کرکے منشیات ، اقبال مارکیٹ پولیس نے آفاق، عبداللہ، محمد خان اور سہیل کو گرفتار کرکے اسلحہ اور دو موٹر سائیکلیں، درخشاں پولیس نے منشیات فروش علی عامر کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کی۔