اعظم سواتی کا معاملہ استعفے پر ختم نہیں، کرمنل کیسز بننے چاہئیں ،تجزیہ کار

December 07, 2018

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کی خصوصی نشریات میں ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس اور اعظم سواتی کے استعفے پر گفتگو کرتے ہوئے سنیئرتجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ ہمیں ہرشعبے میں خود کو ٹھیک کرنے کیلئے کوشش کرنی چاہئے ،اعظم سواتی کا معاملہ صرف استعفے پر ختم نہیں ہونا چاہئےان کے خلاف کرمنل کیسز بننے چاہئیں۔ ارشاد بھٹی نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بالکل ٹھیک کہا ہے، واقعی ایسا ہوا ہے کہ ستر سال تو ہم اسی گھمن گھیریوں میں ہیں کہ ستر سال گزر گئے، نازک دور ہے، معیشت خطر ے میں ہے، جمہور یت خطرے میں ہے، سویلین بالادستی خطرے میں ہے، ہم جنگوں میں ہیں، ہم افراتفری میں ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ ہمیں ماضی سے نکل کر مستقبل کی طرف جانا چاہئے، ہم تقسیم در تقسیم ہوچکے ہیں، برداشت نہیں رہی، ہمیں ہر شعبہ میں خود کو ٹھیک کرنے کیلئے کوشش کرنی چاہئے ، اگر ہمارا خیال ہے کہ عمران خان سو دنوں میں تبدیلی نہیں لاسکے تو کم از کم ہمیں اتنا سوچ لینا چاہئے کہ ان سو دنوں میں ہم نے خود کو کتنا تبدیل کیا ہے، ان پر اگر آئین توڑتے ہیں تو ہم سگنل توڑتے ہیں، باقی باتیں بھی اچھی تھیں جیسے انہوں نے کہا کہ بلوچستان پر حکمت عملی، کراچی میں 99 فیصد دہشتگردی میں کمی، 98فیصد بھتہ خوری میں کمی، انہوں نے بھارت کو بہت اچھا جواب دیا۔