جاپان: نمل یونیورسٹی کیلئے پچاس لاکھ روپے کے فنڈز جمع

December 07, 2018

عمران خان کی بہن اور نمل یونیورسٹی کی بورڈ آف ڈائریکٹر کی رکن علیمہ خان کا دورہ جاپان انتہائی کامیاب رہا نمل یونیورسٹی کے لیے چالیس لاکھ ین تقریباََ پچاس لاکھ روپے کے فنڈز جمع کرلیے ۔

علیمہ خان نے اتنے مختصر نوٹس پر شاندار تقریب کے انعقاد اور بڑی تعداد میں فنڈز جمع کرنے پر پی ٹی آئی جاپان کے صدر احمد سعید بھٹی اوران کی ٹیم جبکہ نمل یورپ کے ایڈوائزر میاں طارق جاوید کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ نمل یونیورسٹی اور شوکت خانم اسپتا ل غیر سیاسی ادارے ہیں یہ عوام کی ملکیت ہیں اور اس میں پورے پاکستان کے عوام کا حصہ شامل ہے۔

اس موقع پر تحریک انصاف جاپان کے صدر احمد سعید بھٹی نے کہا کہ ہمیں تیاری کے لیے بہت ہی کم وقت ملا لیکن اس میں بھی ہم نے چالیس لاکھ سے زائد ین جو پچاس لاکھ پاکستانی روپے کے برابر رقم بنتی ہے وہ ہم نے نمل یونیورسٹی کے لیے جمع کی ہے جس میں پوری جاپان میں پاکستانی کمیونٹی کا تعاون تھا کسی سیاسی یا مذہبی جماعت نے نہیں بلکہ صرف پاکستانی ہونے کے ناطے لوگوں نے عطیات دیئے ہیں۔

احمد سعید بھٹی نے کہا کہ وہ مستقبل میں اس طرح کے پروگرام منعقد کراکے نمل یونیورسٹی ہو یا شوکت خانم مستحق افراد کی مدد کے لیے کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے علیمہ خان کا بھی شکریہ ادا کیاجنہوں نے وقت نکال کر اس اہم مقصد کے لیے جاپان آنے کی زحمت کی جبکہ میاں طارق جاوید کے بھی شکر گزار ہیں ۔