شاہینوں کی پرواز کریش کرگئی،ابوظبی ٹیسٹ میں شکست،تیسرا میچ123رنز ،سیریز 2-1سے گنوادی

December 08, 2018

کراچی ( اسپورٹس ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم کو بیٹنگ لائن ہمیشہ کی طرح لے بیٹھی۔ شاہینوں کی پروز ابوظبی میں کریش کرگئی۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ہدف کا تعاقب گرین کیپس کیلئے ڈرائوناخواب بنتا جارہا ہے۔ خوفزدہ پاکستان ٹیم تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میں 280 رنز کا ہدف حاصل کرنے کی کوشش میں صرف156 رنز پر ڈھیر ہوکر 123 رنز کی شکست فاش سے دوچار ہوگئی۔ کیویز نے سیریز 2-1سے اپنے نام کی۔پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے سومرویل، اعجاز پٹیل اور ٹم ساؤتھی نے 3،3 جب کہ گرینڈہوم ایک وکٹ حاصل کی۔ یہ پاکستان ٹیم کے ہوم گرائونڈ پر اس کی 49 سال بعد پہلی کامیابی ہے۔ اس سے قبل بلیک کیپس نے 1969-70 کی سیریز جیتی تھی۔ 2011سے قومی ٹیم نے کیویز کیخلاف کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی۔ شیخ زاید اسٹیڈیم میں میچ کے آخری روز نیوزی لینڈ نے صرف نو اوورز میں 81رنزبٹورے اور 7وکٹوں کے نقصان پر 353 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئرکی اور پاکستان کو 280 رنز کا ہدف دیا۔پاکستان نے غیریقینی انداز سے اننگز شروع کی۔ ولیمسن نے محمد حفیظ کا پہلی ہی گیند پر کیچ ڈراپ کردیا۔ اس طرح وہ پیئر کی خفت سے بچ گئے۔ تاہم 19کے مجموعی اسکور پر8رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ اظہر علی کا کریز پر قیام پانچ رنز تک محدود رہا۔ پاکستانی بیٹنگ لائن توقعات کے مطابق افراتفری کا شکار ہوئی اور صرف55رنز پر نصف ٹیم فارغ ہوچکی تھی ۔ حارث سہیل 9، اسد شفیق صفر، امام الحق 22 اور کپتان سرفراز احمد 28، بلال آصف 12، یاسر شاہ 4 اور حسن علی چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بابراعظم51رنز بنا کر اعجاز پٹیل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ اس سے قبل پانچویں روز کا کھیل شروع ہوا تو پہلی ہی گیند پر حسن علی ولیمسن کو 139رنز پر آؤٹ کردیا۔ ہینری نکولس اور گرینڈ ہوم نے چھٹی وکٹ پر 62 رنز جوڑے ۔ گرینڈ ہوم دوچھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے ہوم 26 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر کیچ ہوئے۔ بی جے واٹلنگ کو صفر پر یاسر نے بولڈ کردیا۔ کیویز نے اننگز ڈیکلیئر کی۔ نکولس 126اور ٹم ساؤتھی 15رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ یاسر شاہ نے 4، شاہین آفریدی 2اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ تین ٹیسٹ میں 29وکٹ لینے والے یاسر سیریز اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ نے 274 اور پاکستان نے 348 رنز بنائے تھے۔