نیوکراچی کی تولیہ فیکٹری میں آگ پر قابو پالیا گیا

December 09, 2018

کراچی کے علاقے نیوکراچی میں واقع تولیہ فیکٹری میں لگی آگ پر کافی جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق فائربریگیڈ کی 10 سے زیادہ گاڑیوں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا، کارروائی میں پاک بحریہ کے 2 فائرٹینڈر اور دیگر اداروں نے بھی حصہ لیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق شہری حکومت کی درخواست پر فائر ٹینڈرز پی این ڈاکیارڈ سے بھی بھیجے گئے۔

آگ لگتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں، پاک بحریہ کے فائر ٹینڈرز، ایمبولینسیں اور دیگر امدادی ٹیموں کے ساتھ علاقہ پولیس بھی مذکورہ متاثرہ تولیہ فیکٹری پہنچ گئی ۔

فائر بریگیڈ اور امدادی ٹیموں نے آگ بجھانے کے اور امداد کام شروع کر دیئے۔

تولیہ فیکٹری میں لگی آگ بجھانے کی کوششیں جاری تھیں کہ فیکٹری کی تیسری منزل پر ایک بار پھر آگ کے شعلے بھڑک اٹھے۔

فیکٹری میں بیڈ شیٹس، تولیے اور کپڑے کی مختلف اشیاء تھیں جو جل کر خاکستر ہوگئیں،آگ بجھانے کی کارروائی میں واٹر بورڈ کے ٹینکرز نے بھی حصہ لیا جو پانی کی فراہمی کے لیے وہاں موجود تھے۔

فائر بریگیڈ حکام نے اس آگ کو تیسرے درجے کی آگ قرار دیا ،جبکہ تیسری منزل کے اندر تک رسائی کے لیے دیواریں توڑد ی گئیں۔

فائر آفیسر کا یہ بھی کہنا تھا کہ فیکٹری میں آگ بجھانے کے مناسب انتظامات نہیں تھے۔