مقبوضہ کشمیر ،سرچ آپریشن میں3نوجوان شہید،بھارتی فوج نے متعدد مکان جلا دیئے،ریاستی دہشتگردی کیخلاف مظاہرے

December 10, 2018

سرینگر (نیوز ایجنسیاں )مقبوضہ کشمیر میں سرچ آپریشن کے دوران 3نوجوان شہید ہو گئے فوج نے کئی مکانات جلا دیئے ،مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے مکانوں کو بارودی مواد سے تباہ کیا۔جبکہ مقبوضہ ریاست میں بھارتی مظالم کیخلاف مشعل بردار ریلیاں نکالیں گئیں اور مظاہرے ہوئے ، حریت کانفرنس نے آج ریاست بھر میں ہڑتال کی اپیل کی ہے ، تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے مجہ گنڈ میں تلاشی آپریشن کیا ،تینوں شہادتیں مجہ گنڈ میں سرچ آ پریشن کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ہوئیں ، فوج نے کئی گھروں کو آگ لگا کر بھسم کر دیا، تا ہم بھارتی فوجی نے دعوی ٰ کیا ہے کہ ہم نے 18گھنٹے طویل جھڑپ میں 3 جنگجو مارے اور 5فوجی زخمی ہوئے ، ادھر سری نگر میں عوامی مجلس عمل کے کارکنوں نے مشترکہ حریت قیادت کی کال پر مشعل بردار ریلیاں نکالیں جبکہ ریاستی مظالم کے خلاف مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں ا حتجاجی مظاہرے کئے گئے کشمیر میڈیا سروس کے مطابق احتجاجی مظاہرین نے آزادی کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے علاقے میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا دریں اثناء وادی میں پیرا ملٹری ترجمان سنجے شرما نے میڈیا کو بریفنگ میں بتایا کہ 18گھنٹے تک جاری رہنے والی جھڑپ کا خاتمہ ہو گیا ہے ۔معرکہ آرائی میں تین مبینہ جنگجوؤں کو شہید کیا گیا ہے جبکہ مزید تین اہلکار زخمی ہوئے ہیں اور زخمیوں کی تعداد 5ہو گئی ہے ۔زخمیو ں میں دو کمانڈو بھی شامل ہیں ۔انھوں نے کہا کہ مارے جانیو الوں کی لاشیں فوج نے قبضے میں لے لی ہیں جن کی ابھی شناخت نہیں ہوئی۔شرما نے دعویٰ کیا کہ جنگجوؤں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے ۔ ایک خونریز مسلح تصادم آرائی میں فورسز کے 5اہلکار زخمی ہوئے اور 5رہائشی مکان تباہ ہوئے۔اس دوران علاقے میں مظاہرین اور فورسز میں شدید جھڑپیں ہوئیں جن کے دوران شلنگ اور پیلٹ کا استعمال کیا گیا۔سی آر پی ایف کے انسپکٹر جنرل روی دیپ سنگھ نے کہا کہ یہ انٹیلی جنس کی اطلاع تھی جس کی بنا پر آپریشن کیا گیا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں اور فورسز کے درمیان جھڑپ شروع ہوتے ہی علاقے میں نوجوانوں نے فورسز پر سنگباری کی۔ نوجوان جائے جھڑپ کے نزدیک جمع ہوئے اور فورسز کے آپریشن میں رخنہ ڈالتے ہوئے سنگبازی کی،جبکہ انہیں منتشر کرنے کیلئے ٹیر گیس گولوں کا استعمال کیا گیا۔ فورسز نے گولیاں بھی چلائیں اور پیلٹ کا بھی استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔علاقے میں کشیدگی کے باعث کاروباری مراکز،دکانیں ،بازار اور تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ قابض انتظامیہ نے انٹر نیٹ اور موبائل سروس کو بھی معطل رکھا۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جھڑپ کے دوران 4 مکانوں کو باردوی مواد اور مارٹر شلنگ سے تباہ کیا گیا۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ رات دیر گئے فائرنگ کا سلسلہ رک گیا ۔اتوار کی صبح کارروائی دوبارہ شروع کی گئی بعد میں بھارتی فورسز نے مکان کو دھماکے سے اڑا کر تین نوجوانوں کی لاشیں قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا تاہم شہدا کی شناخت کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا ۔