حکومت فنون لطیفہ کی ترقی کیلئے ہر ممکن معاونت کریگی، فیاض چوہان

December 10, 2018

لاہور(آئی این پی )وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب فنون لطیفہ کے فروغ اور ترویج و ترقی کے لئے ہر ممکن معاونت کرے گی۔ پروڈیوسر ، رائٹر زاور ڈائریکٹرز سماجی و معاشرتی مسائل اور انسانی المیوں پر مبنی ایسے سٹیج ڈرامے تیار کریں جو معیاری تخلیق ، جاندار اداکاری اورتفریحی و اصلاحی مقاصد کے آئینہ دار ہوں اور شہریوں کو بامقصد تفریحی سہولیات مہیا کریں۔انہوں نے یہ بات راولپنڈی آرٹس کونسل میں سینئر فنکاروں کے اجلاس کے دوران کہی ۔اجلاس میں فنکاروں نے صوبائی وزیر کو مسائل سے آگاہ کیا۔فیاض الحسن چوہان نے آرٹسٹوں کے ڈرامہ فیسٹول کے لئے مقابلے کا اعلان کیا اور کہاکہ بہترین پروڈکشن پر انعامات دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ اطلاعات و ثقافت نے پنجاب میں صاف ستھری تفریحی سرگرمیوں کی راہ ہموار کی ہے اور ہم تہذیب کے دائرے میں رہتے ہوئے پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے کوشاں ہی تاکہ فنکاروں کو بھرپور مواقع فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے فنکاروں نے اعلیٰ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرکے ایسے شاندار ڈرامے ، فلمیں اورپروگرام پیش کئے ہیں جو آج بھی عوام کے دلوں میں نقش ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہم اسی جذبے کو پھر سے زندہ کرکے عوام کو طنز و مزاح اور سبق آموز ڈراموں ،فلموں اورپروگرامو ں میں آگے بڑھنے کے مواقع دے رہے ہیں اور اس سلسلے میں قوائد و ضوابط اور پالیسیوں میں تبدیلی لا کر اس امر کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ سٹیج ڈراموں میں منفی رجحان کا خاتمہ ہو اور ایسی تخلیق سامنے آئے جو اخلاقی اقدار کے منافی نہ ہو ۔انہوںنے اس موقع پر حکومت پنجاب کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی فنکاروں کو آگاہ کیا۔