’عہد ہے پاکستان کو ریاست مدینہ کے اصولوں پر چلائیں گے‘

December 11, 2018

وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے عہد کیا ہے کہ پاکستان کو ریاستِ مدینہ کے اصولوں پر چلائیں گے۔

وزیرِ اعظم سے کیڈٹ کالج مستونگ کے طلبا نے ملاقات کی،طلبا سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ جو انسان جتنے بڑے خواب دیکھتا ہے، جتنے بڑے چیلنجز قبول کرتا ہے وہ اتنا ہی بڑا انسان ہوتا ہے،انسان ہارتا اس وقت ہے جب وہ ہار مان لیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں 3 طرح کے نظام تعلیم نے مسائل کو جنم دیا ہے، ملک بھر میں یکساں اور معیاری نصابِ تعلیم رائج کریں گے۔

وزیراعظم نے کہاکہ انسان کی پہچان اس کے ارادوں اور اس کی سوچ سے ہوتی ہے، ہر چھوٹی کامیابی انسان کو بڑی کامیابیوں کے لئے تیار کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اچھا اور برا وقت زندگی کا حصہ ہوتے ہیں، برا وقت بھی انسان کو سبق سکھاتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام میں ترقیاتی فنڈز نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں گے، ملک بھر میں اسپورٹس کا نیا نظام لائیں گے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ طالب علموں کےلئے ضروری ہے کہ وہ دنیا کے سب سے عظیم لیڈر ہمارے پیغمبر آنحضرت ﷺ کی حیاتِ مبارکہ کے بارے میں تعلیم حاصل کریں۔