نبی کریمﷺسے عشق کا تقاضا ہے انسانیت کی خدمت کرنا ہے، ہارون عباسی الازہری

December 12, 2018

مانچسٹر(نمائندہ جنگ)دلوں میں عشق رسول بسا کر اور تعلیمات نبویؐ پر عمل کرکے جہاں امت مسلمہ کا ہر فرد دین و دنیا کو سنوار سکتا ہے وہیں اس سے اسلام کو بھی فروغ مل سکتا ہے۔ برطانوی معاشرے میں ہمیں اپنے کردار اور طرز عمل میں نبوی جھلک لاکر آگے بڑھنا ہوگا۔ نبی کریمﷺ سے عشق اور محبت کا تقاضہ ہے کہ ہم اپنی اصلاح کرتے ہوئے بنی نوع انسانیت کی بے لوث خدمت کریں۔ خیروشر میں فرق واضح کرنے کیلئے اپنے اپنے کردار کی اصلاح اور مادہ پرستی کے وجود کو ختم کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار علامہ ہارون عباسی الازہری نے مانچسٹر جماعت منزل میں انٹرنیشنل قرات ونعت کونسل برطانیہ کے زیراہتمام منعقدہ میلاد مصطفیٰﷺ بعنوان روحانی محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حاجی خالد محمود ، چوہدری نصیر ساہیوالی اور قاری جاوید اختر چشتی کی نگرانی و میزبانی میں منعقد ہونے والی اس محفل میلاد سے نامور برطانوی نوجوان انگش اسکالر علامہ معین اختر قادری سمیت مختلف علماء دین اور اسکالرز نے بھی خطاب کیا اور نبی کریمؐ کی تعلیمات، سیرت، کردار اور آمد مصطفیٰ ؐپر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ تعلیمات نبوی ؐمیں نہ صرف مسلمانوں کے حقوق یا اسلامی معاشرے کی بات کا ذکر ہے بلکہ پوری انسانیت اور معاشرتی امن اخوت اور بھائی چارے کا درس ملتا ہے۔ پیغمبر اسلامؐ پوری دنیا کیلئے رحمت اللعالمین ہیں۔ آپؐ کی تعلیمات اور سیرت کو صرف مسلمانوں سے جوڑنا درست نہیں۔ علامہ عبدالستار سراج نے کہا کہ اگر امت مسلمہ کا ہر فرد اپنی زند گی کو سیرت النبیؐ کے تابع کرکے دل میں عشق رسول بسالے تو پورا عالم امن و محبت سے گلزار بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں غیرمسلمانوں کیلئے مثال بننا ہوگا اور مثال بننے کیلئے اپنا نفس اور انا کو ختم کرکے خیر کے کاموں میں حصہ لینا ہوگا۔ میلاد مصطفیٰؐ کانفرنس میں خواتین کی کثیر تعداد نےباپردہ شرکت کی۔ پاکستان و برطانیہ کے نامور ثنا خوانوں اور قراء حضرات قاری کرامت ،محمد صابر سردار، عبدالروف قادری ،خالد حسنین خالد،ڈاکٹر محمد یونس پرواز،الحاج محمود خان نے بھی بھرپور انداز میں حصہ لیا۔ محفل میلاد کے آخر میں دعا کروائی گئی۔