’پاکستان میں مذہبی انتہا پسندی کسی صورت برداشت نہیں‘

December 12, 2018

وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کے حقوق کو تحفظ دیتا ہے، مذہبی انتہاپسندی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں جنگ گروپ کے زیر اہتمام منعقدہ بین الاقوامی اسٹوڈنٹس ایکسپو سے خطاب میں شہریار آفریدی نے کہا کہ آج دنیا بیروزگاری اور غربت کا شکار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کی آبادی کا 48 فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، پاکستانی نوجوانوں کو بہتر مستقبل دینا ہوگا، یہی نوجوان کل کو فیصلہ سازی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ اپنے آپ کو سب سے بڑی جمہوریت کہنے والے انسانی حقوق کو پامال کررہے ہیں، دنیا نے مسئلہ کشمیر کو زیادہ اہمیت نہیں دی، ہمیں کشمیر اور پاکستان کے نوجوانوں کا بھی احساس کرنا ہوگا۔

مقبوضہ کشمیر کے بچوں اور بچیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو ان کا تشدد برداشت کر رہے ہیں جو خود کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہتے ہیں، ایسے میں جمہوریت بھی شرمندہ ہے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کے حقوق کو تحفظ دیتا ہے اور مذہبی انتہاپسندی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سارے قبائلی علاقے میں جلد امن ہوگا، ریاست پاکستان بلوچستان کے تمام ا سٹیک ہولڈرز کو گلے لگانے کو تیار ہیں لیکن جو آئین پاکستان کو چیلنج کرے گا ریاست اس پر ہاتھ ڈالے گی۔

اسٹوڈنٹ ایکسپو پاک چائنہ سنٹر میں دو روز جاری رہے گی، جس میں 25 سے زائد یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر طلبہ کے تعلیمی مسائل کے حل کے لیے اصلاحات پر غور کر رہے ہیں۔