دو تین گولیاں رکھ کر ایمرجنسی وارڈ بنادیتے ہیں، دوائیں میسر نہیں تو مٹھی اسپتال بند کردیں، چیف جسٹس

December 13, 2018

اسلام کوٹ، مٹھی(صباح نیوز، نامہ نگار)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثارتھرپارکر کے دورے کے دوران علاقے میں بنیادی اورطبی سہولتوں کی عدم فراہمی پر برہم ہوگئے۔ مصری شاہ آر او پلانٹ کی خراب صورتحال دیکھ کرکہا کہ شاید آپ لوگ یہ پانی نہیں استعمال کرتے ،چلو پھر مجھے پلا دو ۔ سول اسپتال مٹھی اور ڈیپلو سمیت دیگر علاقوں میں سرکاری ڈسپنسریوں کی حالت زار پر بھی ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دو تین گولیاں رکھ کر کہتے ہیں کہ یہ ایمرجنسی وارڈ ہے، دوائیں میسر نہیں تو مٹھی اسپتال بند کر دو، خدا نخواستہ یہاں کوئی بڑا واقعہ ہوجائے تو پھر کیا ہوگا۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار ایک روزہ دورے پر تھرپارکر پہنچے، ان کے ہمراہ وز یراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، جسٹس فیصل عرب، جسٹس اعجازالاحسن، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی ایم شیخ، رجسٹرار سپریم کورٹ رجسٹری ارباب شہزاد موجود تھے۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے مصری شاہ آر او پلانٹ کا معائنہ کیا جہاں انہیں مصری شاہ آر او پلانٹ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ چیف جسٹس نے مصری شاہ آر او پلانٹ کی خراب صورتحال دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا۔چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ شاید آپ لوگ یہ پانی نہیں استعمال کرتے ،چلو پھر مجھے پلا دو ،چیف جسٹس پاکستان نے آر او پلانٹ کا پانی پیا تو انہوں نے اعلیٰ حکام سے استفسار کیا کہ پانی کی کوالٹی کیوں خراب ہے۔