حکومت اور اپوزیشن کے مابین قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل پراتفاق رائے نہ ہوسکا

December 13, 2018

اسلام آباد( طاہر خلیل) حکومت اور اپوزیشن کے مابین پی اے سی سمیت قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل پراتفاق رائے نہیں ہوسکا۔ اسپیکر سے فریقین کی الگ الگ ملاقاتوں میں بھی کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی۔ اپوزیشن کے مطالبے پر خواجہ سعد رفیق کے لئے پروڈکشن آرڈر بھی جار ی نہیں ہوسکا۔ بدھ کو اسپیکر اسد قیصر نے حکومت اور اپوزیشن کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ ایم ایم اےکے ارکان کی اسپیکر سے الگ میٹنگ ہوئی جبکہ مشترکہ پارلیمانی اجلاس کے بعد سردار ایاز صادق اور نوید قمر کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی کے ارکان کا مشترکہ وفد سپیکر سے ملا اور سپیکر پر اپنے موقف کا پھر اعادہ کیا کہ پارلیمانی روایت کے مطابق پی اے سی کی چیئرمین شپ اپوزیشن لیڈر کو دی جائےتاکہ قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل میں بڑی رکاوٹ ختم ہوسکے۔