احتساب عدالت،سعد اور سلمان رفیق10دن کیلئے نیب کے حوالے

December 13, 2018

لاہور (نمائندہ جنگ) احتساب عدالت لاہور نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی سکینڈل میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماءخواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔ گزشتہ روز خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کو احتساب عدالت کے جج نجم الحسن کے روبرو پیش کیا گیا۔خواجہ براد را ن کے وکیل نے کہا کہ مطلوبہ دستاویزات نیب کو دے دی گئیں، نیب پراسیکیوٹر وارث جنجوعہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ50 کنال زمین دے کر 40 کنال زمین لی اور 40 کنال کی پلاٹنگ نہیں کی جاسکتی جبکہ سوسائٹی کی رجسٹریشن بھی جعلی ہے۔ لوگوں کو ایسی زمین فروخت کی گئی، جو ان کے نام پر ہی نہیں۔ پیراگون کے نام پر عوام سے کروڑوں کا فراڈ کیا گیا۔ پیراگون کے پاس کل زمین 1100کنال ہے، سات ہزار کنال نہیں۔ اربوں کی ٹرانزیکشن کی گئیں اور انکے اکاؤنٹ میں سو ملین موجود ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ کمپنی ریکارڈ کی جانچ کے لیے خواجہ برادران کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔خواجہ برا در ا ن کے وکیل ملک امجد نے عدالت کو بتایا کہ نیب نے جو سوالنامہ بھیجا ہے اس کا تحریری جواب دیا گیا اور مطلوبہ دستاویزات نیب کو دے دی گئی ہیں۔