روس میں دفنائے گئے 1875؍ جرمن فوجیوں کی باقیات دریافت

December 13, 2018

کراچی (نیوز ڈیسک) دوسری جنگ عظیم کے دوران روس کے شہر اسٹالن گراڈ (موجودہ وولگوگراڈ) میں روسی اور جرمن فوج کے درمیان ہونے والی لڑائی کو انتہائی ظالمانہ اور خونریز جنگ تصور کیا جاتا ہے۔ اور اب اُسی جنگ کی تکلیف دہ یاد کو دوسری جنگ عظیم کے خاتمے کے تقریباً 75؍ سال بعد کھود کر نکالا گیا ہے۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق، یہ ایک ایسی اجتماعی قبر ہے جس میں تقریباً 2؍ ہزار جرمن فوجیوں کو دفنا دیا گیا تھا۔ یہ اجتماعی قبر وولگو گراڈ میں عمارت کی تعمیر کے دوران ایک کمپنی کے روسی مزدوروں کو پانی کی پائپ لائن ڈالنے کیلئے کی جانے والی کھدائی کے دوران ملی۔ انہوں نے فوری طور پر حکام، جن میں جنگ کے دور کی قبروں کی تلاش کیلئے قائم جرمن کمیشن بھی شامل ہے، کو مطلع کیا اور اس کے بعد محتاط طریقے سے کھدائی کا کام شروع کیا تاکہ تمام باقیات بحفاظت برآمد کی جا سکیں۔