بھارت ، زہریلا کھانا کھانے سے 11 افراد ہلاک ، درجنوں بیمار

December 15, 2018

بھارت کے ایک مندر میں زہریلا کھانا کھانے سے گیارہ افراد ہلاک اور درجنوں بیمار ہوکر اسپتال پہنچ گئے۔

بھارتی ریاست کرناٹک کے مندر میں عبادت کے بعد پرساد کے طور پر دیئے گئے کھانے سے کئی لوگوں کی حالت غیر ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق زہریلا کھانا کھانے والے کم از کم ستر افراد کو اسپتال لے جایا گیا جبکہ واقعہ کے بعد دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

تقریب میں شامل ایک شخص نے بتایا کہ انہیں چاولوں اور ٹماٹروں سے بنا کھانا پیش کیا گیا تھا جس میں سے بُو آ رہی تھی۔

اس نے بتایا جن لوگوں نے یہ کھانا پھینک دیا وہ ٹھیک ہیں جبکہ جنھوں نے کھایا انہیں پیٹ درد اور قے ہونے لگی۔

ایک اور شخص نے بتایا کہ ’آج چڑھاووں کا دن تھا اور کئی لوگ قریبی دیہاتوں سے آئے تھے۔`