شیرون اسٹون کا پُر تعیش گھر

December 16, 2018

مشہور زمانہ فلم ’’ ٹوٹل ری کال ‘‘ کی ہیروئن شیرون اسٹون کو بیورلی ہلز میںواقع اپنےگھر میںرہتے ہوئے 25سال ہوچکے ہیں۔ اس گھر میں شیرون کے بیٹے17سالہ روئن، 12سالہ لارِڈاور11سالہ کوئنیررہتے ہیں۔ حال ہی میںشیرون نے اس گھر کی تزئین و آرائش کی ہے، اسی لیے سب کو اس گھر کے فیچرز بتانے میں فخر محسوس کررہی ہیں۔ ویسے بھی گھر کی از سر نو تعمیر کسی چیلنج سے کم نہیںہوتی، بہت سی چیزیں ایسی غیر متوقع ہوتی ہیںجو گمان میں بھی نہیںہوتیں لیکن آپ کو فوری فیصلہ کرکے ان کے بارے میں کوئی لائحہ عمل بنانا ہوتا ہے۔ یہی کام شیرون نے بھی کیا، تاہم ڈیزائننگ کے مرحلے میں تمام تر مشکلات جھیلنے کے بعدجب حتمی نتائج سامنے آئے تو وہ بہت متاثر کن تھے۔

لِونگ روم

شیرون کے لِونگ روم کی دیواریں روپہلے رنگ سے اٹی ہیں اور چھت پر ڈرامائی انداز سے جامنی رنگ کیا گیاہے ،جس پر سنہر ے رنگ کا بارڈرکمرے کی شان بڑھاتاہے۔ لِونگ روم کی بڑی کھڑکی اور صحن کی طرف کھلنے والا بڑا دروازہ قدرتی روشنی کو کمرے میں آنے دیتاہے ۔ اس کمرے میںآپ کو ہر پل تازہ مہکتے پھول دکھائی دیں گے اور دیواروںپر لگے منفرد آرٹ ورک آ پ کی طبیعت کو ہشا ش بشاش کردیںگے۔ شیرون نے اس کمرے میں دو سیاہ صوفے بھی رکھے ہوئے ہیں،جن کےمقابل سفید کافی ٹیبل اور اس کے نیچے مخملی بھربھرا سفید رنگ کا بڑا سا قالین ہے۔ ایک بہت بڑا پیانو اور ایک فلورل صوفہ روایتی آتش دان کے ایک جانب رکھا ہے، جہاں سردیوںمیں مزے سے وقت گزارا جاتاہے۔

بیڈروم

شیرون کے بیڈ روم میںمشہور ڈیزائنر کا چاندی جیسا بیڈ اور صوفہ انہیںآرام پہنچانے کیلئے موجو د ہے، جس کےاوپر گلابی اور مٹیالے رنگ کے کشن ان کی خوبصورتی بڑھاتے ہیں۔ یہ ایک خوبصورت اور کشادہ بیڈ روم ہے۔ لکڑی کا فرش اور سفید چھت جو کہ خوبصورتی سے سفید رنگ کی برتری کو ظاہر کر رہی ہے، کمرے کی متوازن کلر اسکیم اور خوبصورت بیڈ شیٹ، یہ سب ایک عمدہ لائف اسٹائل کااحساس مزید دلچسپ بنا تا ہے۔ کمرے کی ایک سائیڈ موجودباتھ روم ایک جدید اور اسٹائلش سجاوٹ کا نظارہ دیتا ہے۔

کچن

شیرون کے کچن میں بنائی گئی الماریاں اور صنعتی انداز میںڈائننگ ٹیبل کو کاؤنٹر ٹاپ سے جوڑا گیا ہے۔ کھلے شیلف اور اسکینڈے نیوین ڈیزائن کی سفید اور پیلے رنگ کی کرسیاں، ماحول میں نفاست اور خوبصورتی پیدا کر تی ہیں۔ کچن میں الماریوں کی چمکیلی سطح سےکچن کی تزئین آئینہ کی طرح منعکس ہوتی ہے۔ الماریوں کے کوئی ظاہری ہینڈل نہیں ہیں بلکہ انھیں نیچے لگے ہوئے پیڈل کے ذریعے کھولا جاتاہے۔ کچن کو ایک جدید، نفیس اور ماڈرن احساس دینے کے لیے نئے طرز کی روشنیوں کو شامل کیا گیا ہے، جو کناروں کو خوبصورتی اور خوشگوار تاثر دیتاہے۔

باتھ روم

شیرون کے گھر میں ایک کلاسک باتھ روم ہے، جہاں وسیع واک اِن شاور، واش بیسن اور ایک بڑا قدآور آئینہ ہے، جو باتھ روم کی وسعت میںاضافہ کرتا ہے۔ سیاہ اور سرمئی موزائیک ٹائلز باتھ روم کو دلکش بناتی ہیں۔ یہاں آپ کو ایک خوبصورت واش بیسن فرنیچر دکھائی دیتا ہے اور بڑے آئینے میں شاورنظر آتا ہے۔ ایسا باتھ روم آپ کو ملک سے باہر یا کسی بھی بہترین ہوٹل میں نظر آئے گا۔ اس باتھ روم میں سب سہولتیں موجود ہیں، وہ بھی جدید طرز کی۔ ساتھ ہی اس باتھ روم کی دیواریں اور فرش بہت مناسب رنگ کا چنا گیا ہے۔ باتھ روم کو دیکھ کر شیرونکے انتخاب کی داد دینی پڑتی ہے۔

ٹیرس

گھر کی پہلی منزل پر ایک نہایت عمدہ ٹیرس موجود ہے، جہاںباہر بیٹھ کرکھانا کھانے کی جگہ بھی ہے اور یہاںشیرون کی فیملی تفریح کرتی ہے۔ یہ ٹیرس کی نفاست کی ایک اور مثال ہے، جو دیواروں اور فرش کی طرح ہی سفید ہے۔دن کے وقت تو دھوپ اس ٹیرس کو روشن کیے رکھتی ہے مگر شام کے وقت جب یہاں روشنیاں جلتی ہیںتو سب حیران رہ جاتےہیں۔ ان روشنیوں سے رات کا رومانوی احساس اور خوبصورتی برقرار رہتی ہے۔