قومی اسمبلی میں اپوزیشن اراکین کا چیئرمین نیب کو مشترکہ خط

December 18, 2018

قومی اسمبلی کی مختلف جماعتوں کے ارکان نے چیئرمین نیب کو مشترکہ خط تحریر کیا ہے، خط پراحسن اقبال، اسد محمود، رانا ثناءاللہ، شاہد خاقان عباسی،شازیہ مری اور نوید قمر کے دستخط ہیں۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ متنازعہ، غیرمنصفانہ اقدامات پاکستان میں جمہوری عمل کومتاثر وکمزور کررہے ہیں،حزب اختلاف پختہ یقین پرکاربند ہے کہ کوئی شخص قانون سے بالاتر نہیں،حزب اختلاف ملک میں احتساب کے عمل کی مکمل حمایت کرتی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ غیرمنطقی، یکطرفہ، متعصبانہ احتساب کا عمل صرف اپوزیشن ارکان پر نظر آرہا ہے، ایسا عمل پارلیمان کی خودمختاری اور بالادستی کے لئے خطرہ بن جاتا ہے، نیب کے حالیہ اقدامات اور عوامی بیانات سے اس ادارے کی غیرجانبداری اور شفافیت پر تحفظات پیدا ہوئے ہیں، احتساب کا عمل اسلامی تعلیمات، پاکستان کے آئین، قانون، انصاف کے اصولوں پر ہونا چاہیے۔

خط میں حزب اختلاف کے ارکان کی جانب سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ملاقات میں آپ کو فوری نوعیت کی سنگین صورتحال سے آگاہ کریں گے۔